جموں و کشمیر کا ریاست کادرجہ بحال کرکے چھ ماہ کے اندر انتخابات کرائے جائیں : پنتھرس پارٹی

 جموں//پینتھرس پارٹی کے صدر پروفیسر بھیم سنگھ کی زیرصدارت جموں وکشمیر نیشنل پینتھرس پارٹی سیکرٹریٹ نے پارٹی کی سینئر قیادت کا ایک ہنگامی اجلاس کیا اور ایک قرارداد میں مطالبہ کیا کہ جموں و کشمیر کا ریاست کا درجہ فوری طور پر بحال کیا جائے۔ انہوں نے ہندوستان کے صدررام ناتھ کووند سے درخواست کی کہ وہ ریاست کے درجہ کی بحالی کے لئے فوری طورپر مداخلت کریں۔انہوں نے حیرت کا اظہارکیا کہ جموں وکشمیر میں حد بندی کمیشن کو کئی یادداشتیں سونپی گئیں، لیکن پینتھرس پارٹی یہ نہیں سمجھ سکی کہ سری نگر اور جموں توی میں دو اہم اجلاس منعقد کرنے کے بعد حد بندی کمیشن نے پہلگام (کشمیر) اور کشتواڑ ضلع میں اضافی میٹنگ کیوں کی۔انہوں نے کہا کہ پینتھرس پارٹی کے وفد نے مشورہ دیا ہے کہ کشمیر اور جموں صوبوں کو 50:50 اسمبلی نشستیں فراہم کرنا واحد راستہ ہے۔انہوں نے یہ بھی تجویز پیش کی کہ اسمبلی کی 45 نشستیں صوبہ کشمیر میں اور بقیہ 45 جموں صوبہ کو دی جانی چاہئیںجوکشمیر اور جموں کے مابین 74 سالہ قدیم داخلی تناؤ کو حل کرنے کا واحد راستہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کشمیر کا رقبہ 16000 مربع کلومیٹر اور جموں کا رقبہ 26000 مربع کلومیٹر ہے۔ صوبہ کشمیر اور جموں کی آبادی قدرے مختلف ہے اور صوبہ جموں کی آبادی کشمیر کی نسبت تھوڑی زیادہ ہے۔ تاہم یہ اعداد و شمار بھی ٹھوس ثبوت نہیں ہیں۔پینتھرس صدر نے جموں و کشمیر کے باشندوں سے اسمبلی حلقوں یعنی 45 جموں اور 45 کشمیر میں 50:50 حصہ داری قبول کرنے کی اپیل بھی کی۔