سری نگر// مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن آج لوک سبھا میں جموں و کشمیر کا مالی سال 2022-23 کا بجٹ پیش کرنے والی ہیں۔ 5 اگست 2019 کے بعد یہ تیسرا موقع ہوگا جب جموں و کشمیر کا بجٹ پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔
لوک سبھا سکریٹریٹ کی طرف سے پیر کو جاری کردہ شڈول کے مطابق، مرکزی وزیر خزانہ جموں و کشمیر کی تخمینی وصولیوں اور اخراجات کا بیان پیش کریں گے۔
وہ ایک بیان بھی پیش کریں گی جس میں سال 2021-22 کے لیے مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے حوالے سے گرانٹس کے ضمنی مطالبات کو دکھایا جائے گا۔
پارلیمنٹ میں جموں و کشمیر کے بجٹ پر بحث اور ووٹنگ کی بھی توقع ہے، مرکزی وزیر خزانہ لوک سبھا میں قواعد و ضوابط اور طرز عمل کے قاعدہ 205 کو معطل کرنے کی تحریک پیش کرنے والے ہیں، جس میں یہ فراہم کیا گیا ہے کہ اس پر کوئی بحث نہیں ہوگی۔
سرکاری عہدیداروں نے بتایا کہ جموں و کشمیر حکومت کے اعلیٰ عہدیدار بشمول فائنانشل کمشنر فنانشل اتل ڈولو پہلے ہی نئی دہلی پہنچ چکے ہیں تاکہ جموں و کشمیر بجٹ کی پیشکش میں مرکزی وزارت خزانہ کی مدد کریں۔
حکام کے مطابق، اگلے مالی سال کے لیے جموں و کشمیر کے بجٹ کا حجم 1.10 لاکھ کروڑ سے زیادہ ہونے کی امید ہے۔
"2021-22 کے لیے جموں و کشمیر کے بجٹ کا حجم 1.08 لاکھ کروڑ روپے تھا اور ہم اس میں خاطر خواہ اضافے کی توقع کر رہے ہیں،"
انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کو 2022-23 کے مرکزی بجٹ میں اپنے وسائل کو پورا کرنے کے لیے 35,581.44 روپے مختص کیے گئے تھے۔
واضح رہے کہ بجٹ پارلیمنٹ میں اس لیے پیش کیا جا رہا ہے کیونکہ جموں و کشمیر اسمبلی کے قانون سازی کے اختیارات یوٹی میں منتخب حکومت کی عدم موجودگی میں پارلیمنٹ کے پاس ہیں۔ جموں و کشمیر جون 2018 سے منتخب حکومت کے بغیر ہے جب بی جے پی نے ریاست میں بگڑتی ہوئی سیکورٹی کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے محبوبہ مفتی کی قیادت والی حکومت سے حمایت واپس لے لی تھی۔