جموں و کشمیر میں 4جی موبائل انٹرنیٹ بحال کیا جائے: جاویدمصطفی میر

جموں// پیپلز مومنٹ کے صدر جاوید مصطفی میر نے حکومت سے جموں و کشمیر میں 4جی موبائل انٹرنیٹ کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر کشمیر میں حالات تھوڑے بہت خراب ہیں تو جموں میں کس وجہ سے4جی موبائل انٹرنیٹ بند ہے۔موصوف نے پیر کو یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ ٹول پلازہ پر دو بار گاڑیوں سے پیسے وصولے جاتے ہیں یہ سلسلہ بھی بند ہونا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کو مثالی یونین ٹریٹری بنانے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن اس سمت میں مؤثر کام نہیں کیا جا رہا ہے۔ میر نے کہا کہ گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں کی حالت بہت ہی خراب ہے اور مریضوں کی طرف بھر پور دھیان نہیں دیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سے جو وعدے کئے گئے تھے ان کو عمل میں نہیں لایا جا رہا ہے۔یو این آئی