جموں و کشمیر میں کورونا تقریباًختم

سرینگر //عالمی وباء کے دوسال میں پہلی مرتبہ جموں و کشمیر میں 19اضلاع میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے اور اس طرح عالمی وباء خاتمہ کے قریب ہے۔ پچھلے 24گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے 19ہزار 947ٹیسٹ کئے گئے جن میں صرف 2افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔ متاثرین کی مجموعی تعداد 4لاکھ 53 ہزار 815ہوگئی ہے۔ اس دوران جموں و کشمیر میں مسلسل 21ویں دن بھی کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 4750ہوگئی ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے فراہم کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق جموں و کشمیر میں کورونا وائرس سے مزید 2افراد متاثر ہوئے ہیں جودونوں کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں۔ کشمیر صوبے کے9اضلاع جن میں بارہمولہ، بڈگام ، بانڈی پورہ،  پلوامہ، اننت ناگ ، کپوارہ، ، کولگام، گاندربل اور شوپیان میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے جبکہ سرینگر ضلع میں 2افراد کو مثبت قرار دیا گیا ہے۔ کشمیر میں متاثرین کی تعداد 2لاکھ 87ہزار 543ہوگئی ہے۔ اس دوران وادی میں 33ویں دن بھی کورونا وائرس سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ متوفین کجی مجموعی تعداد 2423بنی ہوئی ہے۔ ادھر جموں صوبے میں دو سال کے دوران پہلی مرتہ کسی بھی ضلع میں کوئی بھی شخص مثبت قرار نہیں دیا گیا ہے۔ جموں صوبے کے 10اضلاع میں سوموار کو کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے۔ جموں صوبے میں متاثرین کی تعداد1لاکھ 66ہزار 272بنی ہوئی ہے۔ جموں صوبے میں 21ویں دن بھی کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 2327بنی ہوئی ہے۔