جموں و کشمیر میں صنعتی ترقی کیلئے نئی پالیسی کا اعلان صنعتی زمین کی تقسیم کا نظام متعارف

 سرمایہ کاری اور روزگار میں اضافے کی امید

بلال فرقانی

 

سرینگر//جموں و کشمیر حکومت نے صنعتی زمین الاٹمنٹ پالیسی 2021-30کے ترمیم شدہ وژن کو اپنانے کی منظوری دی ہے۔ اب صنعتی زمین کی تقسیم کے لیے ایک موثر نظام ہوگا جبکہ نئی پالیسی کا مقصد سرمایہ کاری کو راغب کرنا اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ حکومت کا کردار بھی قاعدہ سازسے سہولیت کارمیں تبدیل ہوگا۔ نئی پالیسی میں زمین کی تقسیم کا ایک شفاف طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مختلف صنعتی پارکوں کی بھی ترقی کی جائے گی۔سرکار کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر کو ایک مضبوط صنعتی بنیاد کی ضرورت ہے جس کیلئے حکومت ایک جامع پالیسی بنا رہی ہے جس میں صنعتی زمین کی تقسیم کا موثر نظام ہوگا۔ محکمہ صنعت و حرفت کے کمشنر سیکریٹری وکرم جیت سنگھ کا کہنا ہے کہ اس پالیسی کامقصد سرمایہ کاری کو راغب کرنا اور روزگار پیدا کرنے کے علاوہ خطے میں صنعتوں کے لیے زمین کی دستیابی کو یقینی بنانا ہے۔انکا مزید کہنا ہے کہ نئی پالیسی کے تحت کاروباری افراد کو زمین آسانی سے مل سکے گی تاکہ وہ نئی صنعتوں کی بنیاد رکھ سکیں اور اس سے نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ خطے کی معیشت کو بھی تقویت ملے گی۔

 

یہ پالیسی اپنانے کی تاریخ سے دس سال تک نافذ رہے گی تاہم، پالیسی کا وقتاً فوقتاً جائزہ لیا جائے گا جس کی بنیاد مفاد داروں سے ملنے والی رائے اور اس دائرہ کار میں تبدیلی پر ہوگی۔ایک کمیٹی بلاک،میونسپل کارپوریشن،میونسپل کونسل ایک صنعتی زون کی اکائی ہوگی۔ صنعتی ترقی، مقام کی مرکزی حیثیت اور شہری کاری کی بنیاد پر ہر ضلع کو زون اے اور زون بی میں تقسیم کیا گیا ہے تاکہ متوازن جغرافیائی صنعتی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔ ہر زون میں الاٹمنٹ کے لیے زمین کی قیمتوں کا نوٹیفیکیشن حکومت کی جانب سے وقتاً فوقتاً کیا جائے گا۔لیز پریمیئم کو ہ اعلیٰ سطحی الاٹمنٹ کمیٹی کی جانب سے پالیسی کے ابتدائی نوٹیفیکیشن سے ہر 5 سال بعد صارفین کی قیمت اشاریہ کی شرحوں کی بنیاد پر نظر ثانی کی جائے گی۔ سالانہ لیز کرایہ کو متعلقہ آئی ڈی سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری سے پالیسی کے ابتدائی نوٹیفیکیشن کے بعد ہر پانچ سال بعد نظر ثانی کی جائے گی، جس کی ادائیگی الاٹیز کی جانب سے متعلقہ آئی ڈی سی کو کی جائے گی۔پالیسی مسودہ کے مطابق حکومت زمین کی تقسیم کے لیے معیارات طے کرے گی،درخواستیں قابلیت کی بنیاد پر منظور ہوں گی اور امیدواروں کو پلاٹ کا انتخاب کا حق ہوگا۔ درخواست کے ساتھ فیس جمع کرانا ضروری ہے۔صنعت اور تجارت کے ڈائریکٹر، متعلقہ ڈویژنوں کے چیئرمین ہونگے۔یہ پالیسی صنعت، تعلیم اور صحت کے شعبے سمیت صنعتی استعمال کے لیے زمین کی تقسیم کے لیے ایک منصفانہ اور شفاف طریقہ کار تیار کرنے پر مرکوز ہے ۔مسودہ کے مطابق جموں و کشمیر صنعتی زمین پالیسی 2021 ایک ایسا فریم ورک فراہم کرتی ہے جو قومی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کو راغب اور حاصل کرے گا۔