جموں و کشمیر سے افسپا ہٹایا جاسکتا ہے؟

نیوز ڈیسک
گوہاٹی //وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ جموں کشمیر میں حالات معمول پر لوٹ آئیں تو وہاں سے بھی فوج کو حاصل خصوصی اختیارات ( افسپا) کو ہٹایا جا سکتا ہے۔ راجناتھ سنگھ نے کہا بھارت کو باہر سے نشانہ بنایا گیا تو سرحد پار کرنے سے نہیں ہچکچائیں گے۔ گوہاٹی میں 1971 کی جنگ کے سابق فوجیوں کے اعزاز میں خطاب کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ہندوستان سرحد پار سے ملک کو نشانہ بنانے والے ملی ٹینٹوںکے خلاف کارروائی کرنے سے دریغ نہیں کرے گا۔ تقریب میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے افسپا کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ افسپا کو ہٹا دیا جانا چاہیے، یہ بھارتی فوج نہیں چاہتی، میں آج اس فورم سے یہ کہنا چاہتا ہوں کہ اندرونی سلامتی کے معاملے میں ہندوستانی فوج کا کردار کم سے کم ہے، فوج صرف یہ چاہتی ہے کہ جلد ہی جموں و کشمیر میں حالات مکمل طور پر نارمل ہو جائیں، وہاں سے بھی افسپا ہٹایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان یہ پیغام دینے میں کامیاب رہا ہے کہ عسکریت سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ اگر ملک کو باہر سے نشانہ بنایا گیا تو ہم سرحد پار کرنے سے نہیں ہچکچائیں گے۔ وزیر دفاع نے کہا’’دنیا کی کتنی بڑی طاقت کیوں نہ ہو، وہ بھارت کا سر نہیں جھکا سکتی‘‘۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور چین کے درمیان تنازع کے دوران میں نے اپنی فوج کی بہادری دیکھی، ہندوستانی فوج کی طاقت کو دیکھ کر میرا یقین پختہ ہوگیا کہ دنیا کی کتنی ہی بڑی طاقت کیوں نہ ہو، وہ ہندوستان کا سر کبھی نہیں جھکا سکتی۔ راجناتھ سنگھ نے مزید کہا’’اگر ہمارے سرحدی محافظ فوجی ہندوستان کو محفوظ رکھنے کا کام کریں تو؟ تو اس کے اتحاد، سالمیت اور بھائی چارے کو برقرار رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔ ملک میں ہمیشہ امن و امان قائم رہے، باہمی محبت اور ہم آہنگی ہو، ہم مسلسل ترقی کی راہ پر آگے بڑھتے رہیں، یہ ہماری کوشش ہے۔