بلال فرقانی
سرینگر// شب قدر کی دینی و روحانی تقریب پورے جموں وکشمیر میں انتہائی عقید ت، احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی۔اس سلسلے میں گزشتہ تین سال کے بعد کشمیر کی سب سے بڑی عبادتگاہ جامع مسجد سرینگر میں نماز عشا ء اور تراویح کا اہتمام کیا گیا جس میں ہزاروں کی تعداد میں مرد، جوانوں اور خواتین نے سجدہ ریز ہوکر اپنے گناہوں اور کوتاہیوں کی معافی مانگی ۔ انجمن اوقاف جامع مسجد کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایک طرف طویل عرصے کے بعد نماز عشا اور تراویح کی ادائیگی پر لوگوں نے خوشی اور مسرت کا اظہار کیا۔بیان میں انجمن نے توقع ظاہر کی کہ حکام اپنے رویے میں تبدیلی لاکر عید الفطر کے موقعہ پر میرواعظ کی غیر مشرو ط رہائی کو یقینی بنائیں گے۔2019 کے بعد یہ پہلی بار ہے کہ مسجد میں شب قدر کی نماز کی اجازت دی گئی۔اکثریتی طبقے کے مرد و زن پیر کی رات جموں کشمیر بھر کی مساجد اور خانقاہوں پر نماز اور قرآن خوانی کے لیے جمع ہوئے ۔سب سے بڑا اجتماع حضرت بل میں، ڈل جھیل کے کنارے پر دیکھا گیا۔حضرتبل کے ساتھ ساتھ شہر کے نوہٹہ علاقے میں واقع جامع مسجد، دستگیر صاحب اور سید یعقوب شاہ درگاہوں پر بھی ہزاروں عقیدت مند جمع ہوئے۔جمعتہ الوداع (رمضان کے آخری جمعہ) کی نماز پر پابندی کے بعد تاریخی جامع مسجد میں باجماعت نماز کی اجازت دی گئی۔ حکام نے گزشتہ ماہ عظیم ’شب برات‘ کی نماز کی بھی اجازت نہیں دی تھی۔جموں ٹائون، راجوری، پونچھ اور خطہ چناب کے بیشتر علاقوں کے علاوہ وادی کشمیر کی مساجد، درگاہوں اور خانقاہوں کے علاوہ امام بارگاہوں میں رات بھر لوگ ذکر و اذکار کرنے میں محو رہے۔نماز تراویح کے موقعہ پر سبھی مساجد میں بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے اور لوگ اللہ کے حضور سر بسجود رہے۔مبلغین اور مذہبی اسکالرز نے اسلام کی تعلیمات کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور مسلمانوں کو ان پر عمل کرنے کی تلقین کی۔
منوج سنہا کی لوگوں کو مبارکباد
یو این آئی
جموں// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے شب قدر کے مقدس موقع پر لوگوں کو مبارک باد پیش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ مقدس رات انسانیت کی بے لوث خدمت کرنے کے لئے خود کو وقف کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔موصوف نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا: ‘شب قدر کے مقدس موقع پر تمام لوگوں کو مبارک باد’۔انہوں نے کہا: ‘یہ مقدس شب خود شناسی، اللہ تعالیٰ سے دعا کرنے، استغفار کرنے اور انسانیت کی بے لوث خدمت کرنے میں خود کو وقف کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے’۔انہوں نے دعا کرتے ہوئے کہا: ‘میری دعا ہے کہ یہ مبارک موقع سب کے لئے امن ، خوشی اور خوشحالی کا آغاز کرے’۔