جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات | سیاسی خانوادوں سے کم از کم 13 نئے اُمیدوار منتخب

عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر// جموں و کشمیر میں کم از کم 13 نو منتخب ایم ایل ایز سیاسی خاندانوں سے آئے ہیں جن کے خاندان والوں خاص کر انکے والدین نے ماضی میں الیکشن جیتا یا لڑا ہے۔ نیشنل کانفرنس کے پاس ایسے قانون سازوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ نیشنل کانفرنس، جو اسمبلی انتخابات میں واحد سب سے بڑی پارٹی کے طور پر ابھری ہے، اورحکومت بنانے جارہی ہے۔نامزد وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ ،شیخ خاندان سے تیسری نسل کے قانون ساز ہیں۔ ان کے والد فاروق عبداللہ اور دادا شیخ محمد عبداللہ دونوں ایم ایل اے اور جموں و کشمیر کے وزیر اعلی رہ چکے ہیں۔جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر طارق حمید قرہ کا تعلق سرینگر کے ایک بااثر سیاسی خاندان سے ہے۔ اگرچہ ان کے دادا غلام محی الدین قرہ کبھی بھی ایم ایل اے نہیں رہے تھے، لیکن وہ نیشنل کانفرنس میں کافی اثر و رسوخ رکھتے تھے یہاں تک کہ انہوں نے 1954 میں شیخ محمد عبداللہ سے علیحدگی اختیار کر کے اپنی پارٹی یعنی سیاسی کانفرنس تشکیل دی۔قرہ ماضی میں ایم ایل اے اور وزیر خزانہ بھی رہ چکے ہیں۔ وہ 2014 میں سری نگر حلقہ سے لوک سبھا کے لیے منتخب ہوئے تھے لیکن وادی میں 2016 کے موسم گرما کی بدامنی کے دوران شہری ہلاکتوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے استعفیٰ دیا تھا۔تاہم، دوسری نسل کے سیاست دانوں میں جس شخص سے ایک روشن سیاسی مستقبل کی توقع ہے وہ سلمان ساگر ہیں، جو حضرت بل سیٹ سے اسمبلی کے لیے منتخب ہوئے ہیں۔سلمان ساگر کے والد علی محمد ساگر اسمبلی میں ٹریجری بنچوں کی اگلی صف میں بیٹھے ہوں گے، جنہوں نے مسلسل ساتویں بار دو بار سابقہ بٹہ مالو سیٹ سے اور پانچ بار خانیار حلقہ سے ایم ایل اے کی حیثیت سے کامیابی حاصل کی ہے ۔کشمیر کی قبائلی سیاست کے اہم کھلاڑی، میاں الطاف احمد ،جو اس وقت اننت ناگ-راجوری حلقہ سے لوک سبھا کے رکن ہیں ، کے بیٹے میاں مہر علی اب کنگن حلقے کی نمائندگی کریں گے۔ 67 سالہ لوک سبھا رکن اگر اس سال کے شروع میں لوک سبھا کے لیے منتخب نہ ہوتے تو وہ مسلسل چھٹی مدت کے لیے انتخاب لڑ رہے ہوتے۔میاں الطاف احمد کے ایک اور رشتہ دار اس بار رکن اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔ ان کے بہنوئی ظفر علی کھٹانہ کوکرناگ اسمبلی حلقہ سے منتخب کیا گیا ہے۔ یہ نشست 2022 میں حد بندی مشق کے بعد درج فہرست قبائل کے امیدوارکے لیے مخصوص رکھی گئی ہے۔سابق اسمبلی سپیکر محمد اکبر لون کے بیٹے ہلال اکبر لون سوناواری سیٹ سے منتخب ہوئے ہیں۔ سینئر لون سونواری سیٹ سے 2002 سے 2018 تک تین بار رکن رہے۔نیشنل کانفرنس چیف ترجمان تنویر صادق ،جو کہ جڈی بل اسمبلی حلقہ سے منتخب ہوئے ہیں، سابق ایم ایل اے صادق علی کے بیٹے ہیں جبکہ پارٹی کے اوڑی سے ایم ایل اے سجاد شفیع سابق وزیر تعلیم محمد شفیع اوڑی کے بیٹے ہیں۔ارشاد رسول کار، جنہوں نے سوپور اسمبلی حلقہ سے نیشنل کانفرنس کی ٹکٹ پر کامیابی حاصل کی، کانگریس کے بزرگ رہنما اور جے کے پی سی سی کے سابق سربراہ غلام رسول کار کے بیٹے ہیں۔سری گفوارہ بجبہاڑہ کے ایم ایل اے بشیر احمد ویری سابق وزیر عبدالغنی شاہ ویری کے بیٹے ہیں جبکہ ایم ایل اے لال چوک شیخ احسن احمد پردیسی سابق ایم ایل سی شیخ غلام قادر پردیسی کے بیٹے ہیں۔نیشنل کانفرنس کانگریس اتحاد سے باہر، پی ڈی پی ایم ایل اے رفیق احمد نائیک، جو ترال حلقہ سے جیتے ہیں، سابق سپیکر اور نیشنل کانفرنس لیڈر علی محمد نائیک کے بیٹے ہیں۔ ایم ایل اے لنگیٹ خورشید احمد شیخ، بارہمولہ سے لوک سبھا ممبر انجینئر رشید کے بھائی ہیں۔