جموں وکشمیر کے ضلع کشتواڑ میں زلزلے کے ہلکے جھٹکے، کوئی نقصان نہیں

سری نگر//جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ میں دوران شب زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کئے گئے تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 2.2 ریکارڈ ہوئی ہے۔
 
نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شب 2 بجر 31 منٹ پر کشتواڑ میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ اس زلزلے کی گہرائی پانچ کل میٹر تھی۔
 
واضح رہے کہ جموں کشمیر اور لداخ زلزلیاتی پیمانے پر سب سے زیادہ خطرناک پانچ اور چار زون میں آتے ہیں۔
 
جموں و کشمیر میں ماضی میں زلزلوں نے بے تحاشا تباہی مچائی ہے۔ 8 اکتوبر 2005 میں ہونے والے قیامت خیز زلزلے کے نتیجے میں ایل او سی کے آر پار زائد از 80 ہزار لوگوں کی موت واقع ہوئی تھی اور بے تحاشا مالی نقصان ہوا تھا۔ ریکٹر اسیکل پر اس زلزلے کی شدت 7.6 ریکارڈ ہوئی تھی۔