جموں وکشمیر کی اپوزیشن پارٹیاں لیڈران کاوفد آج نئی دلی روانہ ہوگا

یو این آئی

سرینگر//جموں وکشمیر اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈران آج دلی روانہ ہورہے ہیں جہاں وہ قومی و علاقائی پارٹیوں کے لیڈروں کے ساتھ ملاقات کریں گے۔ گزشتہ دنوںنیشنل کانفرنس صدر و رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی جموں رہائش گاہ پر اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈران کا ایک اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں فیصلہ لیا گیا کہ قومی و علاقائی پارٹیوں کے لیڈران سے ملاقات کی خاطر اپوزیشن جماعتوں کا ایک اعلیٰ سطحی وفد دہلی روانہ ہوگا۔ آج یعنی جمعرات کے روز اپوزیشن پارٹیوں کا وفد دہلی جائے گا۔معلوم ہوا ہے کہ اپوزیشن پارٹیوں کا یہ وفد جموں وکشمیر میں جلد ازجلد اسمبلی انتخابات کے انعقاد، ریاستی درجے کی واپسی ، پراپرٹی ٹیکس اور بے روزگاری جیسے مسائل اْٹھائیں گے۔ بتادیں کہ جموں وکشمیر کی اپوزیشن پارٹیاں مرکزی حکومت سے مطالبہ کر رہی ہیں کہ یہاں پر جلدازجلد اسمبلی چناو کا انعقاد عمل میں لاکر جموں و کشمیر کا ریاستی درجہ بحال کیا جائے۔