جموں وکشمیر میں102 کورونا مثبت، کوئی فوتیدگی نہیں

سرینگر //جموں و کشمیر میں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے 47ہزار85ٹیسٹ کئے گئے جن میں 9مسافروں سمیت مزید 102افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہے۔ متاثرین کی مجموعی تعداد3لاکھ 29ہزار991ہوگئی ہے۔ اس دوران جموں و کشمیر میں مسلسل تیسرے دن بھی وائرس سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 4424بنی ہوئی ہے۔ گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران مثبت قرار دئے گئے 102افراد میں جموں میں 29جبکہ کشمیر میں 73افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ کشمیر میں وائرس سے متاچر ہونے والے 73افراد میں سے 4افراد بیرون ریاستوں سے سفر کرکے واپس لوٹے جبکہ 69افراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ کشمیر میں متاثر ہونے والے 73افرادمیں سب سے زیادہ سرینگر میں 41،بارہمولہ میں 9،بڈگام میں 7،پلوامہ میں 5، کپوارہ میں 4، اننت ناگ میں 1، بانڈی پورہ میں 2، گاندربل میں 4جبکہ کولگام اور شوپیان میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے۔ منگل کو کشمیر میں مسلسل تیسرے دن وائرس سے کوئی موت نہیں ہوئی ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 2250ہوگئی ہے۔ جموں صوبے کے کٹھوعہ، سانبہ، رام بن اور ریاسی میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے جبکہ 6دیگر اضلاع میں 29افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔ جموں صوبے کے 29افراد میں 5متاثرین بیرون ریاستوںکا سفر کرکے واپس لوٹے جبکہ دیگر24افراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ جموں صوبے میں وائرس سے متاثر ہونے والے 29افراد میں جموں میں 8، ادھمپور میں 3، راجوری میں 6،ڈوڈہ میں 1،کشتواڑ میں 2اور پونچھ میں 9افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ جموں صوبے میںمتاثرین کی مجموعی تعداد 1لاکھ 23ہزار 940تک پہنچ گئی ہے۔ اس دوران جموں صوبے میں پچھلے24گھنٹوں کے دوران وائرس سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ جموں صوبے میں متوفین کی مجموعی تعداد 2174ہوگئی ہے۔