جموں وکشمیر میں سب کیلئے ماسکوں کی فراہمی

جموں//لیفٹیننٹ گورنر گریس چندر مرمو نے کہا  ہے کہ جموںوکشمیر میں کورونا وائرس کی روکتھام کیلئے سب لوگوں کو ماسکس کا اِستعمال کرنا چاہئے ۔ راج بھون میں انتظامی سیکریٹریوں کی میٹنگ کے دوران بتایا گیا کہ محکمہ صحت کے پاس ماسکوں کے علاوہ دیگر ضروری سازو سامان وافر مقدار میں موجود ہے اور یہ سامان فرنٹ لائین ورکروں میں تقسیم کیا جارہا ہے۔میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ یونین ٹریٹری کے سبھی باشندوں کو ماسک فراہم کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموںوکشمیر اِنتظامیہ کی بروقت کارروائی سے جموںوکشمیر میں کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے میں مدد ملی ہے تاہم لوگوں میں جانکاری عام کرنے کے لئے مناسب اقدامات لازمی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے لوگوں کو کووِڈ ۔19کے بارے میں زیادہ سے زیادہ جانکاری فراہم کرنے اور احتیاط برتنے کے لئے مذہبی اور سماجی رہنمائوں کے علاوہ پنچایتی راج اداروں کی خدمات حاصل کرنے پر زور دیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے مکانات و شہری ترقی محکمہ کو ہدایت دی کہ وہ تمام ہسپتالوں میں اِنسداد آلودگی کے لئے لازمی ٹنل نصب کریں ۔اُنہوں نے یونین ٹریٹری کے مختلف علاقوں میں ضروری کیمیکلز کا چھڑکائو کرنے پر زور دیا۔کووِڈ۔19 کی چین کو توڑنے کے لئے لیفٹیننٹ گورنر نے اِس وائرس سے متاثرہ اَفراد کے رابطے میں آئے لوگوں کی نشاندہی کے علاوہ نئی دلی میں حال ہی میں منعقدہ مذہبی اجتماع میں شرکت کے بعد واپس آئے لوگوں کو ڈھونڈ نکالنے کی ہدایت دی ۔انہوں نے ان سبھی افراد کا ٹیسٹ کرانے پر بھی زور دیا۔زراعت و باغبانی سیکٹر کی اہمیت پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جراثیم کُش ادویات اور کھادیں بنانے والے صنعتی یونٹوں کو کام جاری رکھنے کی اجازت دی جانی چاہئے ۔انہوں نے ضروری اشیاء لانے اور لے جانے والی گاڑیوں کی آواجائی جاری رکھنے پر بھی زور دیا۔مستحق لوگوں میں ریلیف کی تقسیم کاری کے حوالے سے لیفٹیننٹ گورنر نے تمام بینکوں کو مستحق لوگوں کے بینک کھاتوں میں یہ رقم منتقل کرنے کی ہدایت دی اور اے ٹی ایم مراکز چالو رکھنے پر بھی زور دیا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے اَفسروں کو ہدایت دی کہ جموں وکشمیر کے مختلف علاقوں میں قیام پذیر مہاجر مزدوروں کی طبی جانچ کرائی جانی چاہئے ۔ اس کے علاوہ لیبر ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت دی گئی کہ وہ اِن مزدوروں کا ڈیٹا بیس تیار کریں تاکہ لاک ڈاون ختم ہونے کے بعد اُن کی نقل و حمل کی اجازت دی جاسکے۔