جموں//پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی ( پی ڈی پی ) کی صدر محبوبہ مفتی نے الزام لگایا کہ بھاجپا پورے ملک میں لوگوں کو مذہب کے نام پر تقسیم کرنے کا کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں خون خرابہ بند ہونا چاہئے۔ان باتوں کا اظہار موصوفہ نے وجے پور سانبہ میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے بتایا کہ بھاجپا کے ساتھ حکومت تشکیل دینے سے قبل پی ڈی پی نے ایک معاہدہ کیا لیکن بھارتیہ جنتا پارٹی نے اْس معاہدے کی خلاف ورزی کرکے 370 کو منسوخ کیا۔انہوں نے کہاکہ بھاجپا پورے ملک میں لوگوں کو مذہب کے نام پر تقسیم کرنے کا کام کر رہی ہیں۔محبوبہ مفتی نے مزید بتایا کہ ہم نے بہت برے وقت دیکھیں ہیں لہذا اب یہ خون خرابہ بند ہونا چاہئے۔اْن کے مطابق جموں وکشمیر کے لوگ امن و چین سے رہنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر پورے ملک کو بجلی فراہم کرتا ہے لیکن یہاں کے لوگوں کو بجلی میسر ہی نہیں۔موصوفہ نے کہاکہ کانگریس نے بھی اگر چہ غلطیاں کیں لیکن انہوں نے ملک کو توڑنے نہیں دیا لیکن بھارتیہ جنتا پارٹی ملک کو توڑنا چاہتی ہے۔محبوبہ نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ بھاجپا کے عزائم سے ہوشیار رہے۔