یو این آئی
جموں// اپنی پارٹی او بی سی ریاستی کارڈی نیٹر مدن لال چلوترہ نے مطالبہ کیا ہے کہ جموں وکشمیر میں رہائش پذیر او بی سی طبقہ جات کو27فیصد ریزرویشن دی جائے۔ انہوں نے یہ مانگ بالمیکی کالونی گاندھی نگر میں منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران کی۔ اس میٹنگ کا اہتمام شام سنگھ بھٹی نے کیاتھا جس میں او بی سی طبقہ جات کو درپیش مختلف مسائل پر بحث وتمحیص کی گئی۔ چلوترہ نے کہاکہ جموں وکشمیر میں سیاسی ریزرویشن نہ دینے سے او بی سی طبقہ جات کو بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ ا ہے۔ ایک وسیع آبادی کو سیاسی، سماجی اور اقتصادی پسماندگی کا سامنا ہے ۔حکومت کو چاہئے کہ جموں وکشمیر میں او بی سی طبقہ جات کے لئے ریزرویشن بڑھا کر ملک کی دیگر ریاستوں کی طرح27فیصد کی جائے۔ انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہاکہ اِس جماعت کی تفرقہ انگریز سیاست جموں وکشمیر کے امن پسند لوگوں کے لئے باعث ِ تشویش ہے۔ انہوں نے مذہب اور علاقہ کی بنیاد پر لوگوں کو تقسیم کرنے والے عناصر کی نکتہ چینی کی۔ انہوں نے ذات کی بنیاد پرجموں وکشمیر میں مردم شماری کا بھی مطالبہ کیا۔ انہوں نے لوگوں سے اپنی پارٹی میں شمولیت کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ یہ جماعت وکشمیر کے لوگوں کیلئے واحد اُمید ہے ، اس لئے اِس کو دونوں خطوں میں مضبوط کیاجائے تاکہ یہ عوامی فلاح وبہبود کے لئے کام کرسکے۔ اس اجلاس میں او بی سی جنرل سیکریٹری درشن مہرہ، او بی سی صوبائی صدر سوہن سنگھ، ضلع جنرل سیکریٹری جموں اربن او بی سی جنرل سیکریٹری شردیش رانا، پریم ساگر اور سکھوندر سنگھ لاڈی بھی موجود تھے۔