جموں وکشمیر سرمایہ کاری کی بہترین جگہ بنائی جائے گی: منوج سنہا

سری نگر//جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ یونین ٹریٹری کی انڈسٹریل اسکیم ملک کی سب سے بہترین اسکیم ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کے باعث ملک کے بڑے صنعت کاروں کی جموں وکشمیر کی طرف دلچسپی بڑھ گئی ہے۔
 
ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ دو برسوں سے یونین ٹریٹری میں بڑے پیمانے پر بدلاؤ کا دور شروع ہوا ہے۔
 
موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز یہاں شیر کشمیر انٹرنیشنل کنونشن کمپلیکس (ایس کے آئی سی سی) میں منعقدہ خلیجی ممالک کے انوسٹ منٹ سمٹ‘سے خطاب کے دوران کیا۔
 
انہوں نے کہا: ’گذشتہ دو برسوں سے جموں وکشمیر میں بدلاؤ کے دور کا آغاز ہوا ہے‘۔
 
ان کا کہنا تھا: ’جموں و کشمیر کی آج کی انڈسٹریل اسکیم ملک کی سب سے بہترین اسکیم ہے جس کی وجہ سے ملک کے بڑے بڑے سرمایہ کارروں کی جموں وکمشیر کی طرف دلچسپی بڑھ گئی ہے‘۔
 
مسٹر سنہا نے کہا کہ سال گذشتہ یہاں پندرہ ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری ہوئی تھی جبکہ اس سال ہم نے 27 ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری کے پرپوزل کو کلیئر کیا ہے جو آنے والے چھ مہینوں نے میں 70 ہزار کرور رپیے کی سرمایہ کاری کو پار کرے گا۔
 
انہوں نے کہا کہ خلیجی ممالک کی بڑی کمنیوں کے سی ای اوز کے دورہ جموں وکشمیر سے ان ممالک اور یونین ٹریٹری کے درمیان تجارت کرنے کے لئے اعتماد کا ایک ماحول پیدا ہوگا۔
 
ان کا کہنا تھا کہ حکومت سرمایہ کاروں کے لئے تمام تر سہولیات کو دستیاب رکھنے کی وعدہ بند ہے۔
 
موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ سرمایہ کاری سے جموں وکشمیر کی ہمہ گیر ترقی ہوگی اور روز گار کے موقعے بڑھ جائیں گے۔
 
انہوں نے کہا کہ خیلجی ممالک کے ساتھ بھارت کے تجارتی تعلقات کافی بڑھ رہے ہیں جس سے جموں وکشمیر کی دستکاری کی چیزوں کو عالمی سطح پر مزید فروغ ملے گا۔
 
ان کا کہنا تھا کہ سال رواں کے ماہ جنوری میں میرے دوبئی دورے کے دوران متحدہ عرب امارات کی کئی کمپنیوں نے جموں وکشمیر کے لئے تجارت کے طویل المدتی منصبوں کے اعلان کئے۔
 
مسٹر سنہا نے کہا کہ ہم ان تجارتی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے۔
 
انہوں نے کہا کہ ہماری کوششوں کے نتیجے میں یہاں بعض کمپنیوں نے کام شروع کیا ہے.۔
 
ان کا کہنا تھا کہ ہم جموں وکشمیر کو سرمایہ کاری کی سب سے بہترین جگہ بنائیں گے۔