جموں وکشمیر بینک کی امدادی سرگرمیاں | ادھمپور اور راجوری میں مفت راشن تقسیم

سرینگر //عالمی وباء کی بندشوں سے پیداشدہ صورتحال اور بے روزگار ہوئے لوگوں کو پیش نظر رکھ کر جموں و کشمیر بینک کے چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر راجیش کمار چھبر نے بنک کے تمام زونل سربراہوں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ موجودہ حالات میں اپنا بھر پور سماجی ر ول نبھائیں۔ اس ضمن میں غریب اور مستحق لوگوں تک مفت راشن پہنچانے کی مہم شروع کی گئی ہے۔ راشن کی تقسیم کاری کا عمل زونل ہیڈ شمالی جموں سشیل کمار گپتا  اور کلسٹر ہیڈ راجیش گپتا نے ضلع انتظامیہ کی موجودگی میں ضلع ادھمپور کے ستانی علاقے میں شروع کیا جہاں80مستحق کنبوں میں مفت راشن تقسیم کیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی ڈیولپمنٹ کمشنر ادھمپور اشوک کمار اور اے سی ڈی مشتاق احمد کی نگرانی میںغریب اور نادار لوگوں میں مفت راشن کو تقسیم کیا گیا ۔ بینک کی ایک اور شاخ گھوردی کی طرف سے بھی برمین علاقے میں لگ بھگ 20کنبوں میں مفت راشن کی تقسیم کاری عمل میں لائی گئی۔ ڈپٹی کمشنر ادھمپورڈاکٹر پیوش شنگلا کی رہنمائی میں جے کے بینک زونل آفس ادھمپور اور ضلع انتظامیہ نے شانہ بشانہ کام کرتے ہوئے راشن اور دیگر امداد لوگوں تک پہنچایا جس میں سماجی دوری کا خاص خیال رکھا گیا۔ ضلع کے دور دراز علاقوں میں ماسک اور سینی ٹائزر تقسیم کئے گئے ۔ دریں اثناء بینک چیئرمین کی ہدایات پر راجوری ضلع میں بھی راشن کی تقسیم کاری اور ماسکس کو بانٹنے کا عمل جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر راجوری اور بینک کے زونل ہیڈ جموں (مغرب) آشوتوش سرین کی نگرانی میں تقسیم کاری کا عمل جاری ہے جس سے سو سے زیادہ غریب کنبے ابھی تک مستفید ہوچکے ہیں۔ دونوں اضلاع میں بینک کے ان اقدامات کی کافی سراہنا کی جا رہی ہے۔ 
 
 

 گریجویٹ انجینئروں نے 5 لاکھ کا عطیہ دیا 

سرینگر//گریجویٹ انجینئرنگ ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے لفٹینٹ گورنر کے مشیر آر آر بٹھناگر کے ساتھ ملاقات کی اور کووڈ 19 سے نمٹنے کیلئے جاری کوششوں میں استحکام لانے کیلئے پانچ لاکھ روپے کا چیک بطور عطیہ انہیں پیش کیا ۔ آر آر بٹھناگر نے موجودہ صورتحال کے دوران لوگوں کو بجلی اور پینے کا پانی جیسی سہولیات دستیاب رکھنے کیلئے انجینئروں کی سراہنا کی ۔ اس موقعہ پر وفد نے اپنی مانگوں پر مشتمل ایک یاداشت مشیر موصوف کو پیش کی ۔ وفد نے کووڈ 19 سے نمٹنے کیلئے جاری کوششوں میں مکمل تعاون کا یقین دلایا ۔