جموں وکشمیربینک شاخ سرنکوٹ میں ہجوم

سرنکوٹ// کووڈ معاملات میں آئی کے تیزی کے دوران بھی بینک شاخوں میں کووڈ ایس او پیز پر کوئی عمل ہی نہیں کیا جارہا ہے ۔جموں وکشمیر بینک کی سرنکوٹ شاخ میں ان دنوں صارفین کی ایک بڑی ہجوم جمع رہتی ہے جبکہ لوگوں کی جانب سے نہ تو ماسک کا استعمال کیا جارہا ہے اور نہ ہی متعلقہ حکام کی جانب سے ایس او پیز پر سختی کیساتھ عمل کروانے کیلئے کوئی عملی قدم اٹھایا جارہا ہے ۔سرنکوٹ کے معززین نے انتظامیہ کی کارکر دگی پر سولات اٹھاتے ہوئے کہاکہ بینک شاخوں کیساتھ ساتھ دیگر عوامی مقامات پر کھلے عام قوانین کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں لیکن ایس او پیز کو سختی کیساتھ لاگو کروانے کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ بینک شاخوں کیساتھ ساتھ سرنکوٹ قصبہ میں ماسک کااستعمال کرنے کا رجحان آہستہ آہستہ ختم ہی ہوتا جارہا ہے جبکہ مقامی انتظامیہ با لخصوص جموں وکشمیر پولیس کی جانب سے کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جارہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ لاک ڈائون کے علاوہ ہر روز بینکوں میں لوگوں کی بھاری ہجوم جمع ہوتی ہے جبکہ اس موقعہ پر محکمہ صحت کی گائیڈ لائنز پر کوئی عمل نہیں کیا جاتا ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ بینکوں میں کووڈ ایس او پیز پر سختی کیساتھ عمل کروایا جائے ۔