جموں وکشمیربنک کی خود مختارانہ حیثیت کا خاتمہ

گاندربل ،اننت ناگ،بارہمولہ //مالیاتی ادارے جموں کشمیر بنک کی خود مختاری محدود کرنے کے خلاف نیشنل کانفرنس نے کل ریاست بھر میں ضلع صدر مقامات پر احتجاج کرتے ہوئے گورنر انتظامیہ کو یہ فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیااور ضلع ترقیاتی کمشنروں کو یاداشت بھی پیش کی۔گاندربل میںضلع صدر نیشنل کانفرنس و سابق رکن اسمبلی شیخ اشفاق جبار کی قیادت میں احتجاجی جلوس نکالا گیا۔احتجاجی جلوس میں شامل سینکڑوں نیشنل کانفرنس کے کارکن شامل تھے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈ لیکر بی ہامہ ضلع دفتر سے بی ہامہ چوک میں تک جلوس نکال کر اس حکمنامہ کو فوری طور پر واپس لینے مانگ کی۔اننت ناگ میںپارٹی کے ضلع صدر الطاف کلو کی قیادت میں ورکروں نے کھنہ بل میں ایک احتجاجی جلوس نکالا ۔ریلی ڈاک بنگلہ سے نکل کر کھنہ بل چوک میں پُر امن طور منتشر ہوئی ۔ بانڈی پورہ میں میر غلام رسول ناز کی قیادت میں جموں و کشمیر بنک کی پرانی پوزیشن بحال رکھنے کے حق میں کارکنوں نے زبر دست احتجاج کیا ۔بارہمولہ میںضلع صدربارہمولہ جاوید احمد ڈار کی قیادت میں احتجاجی ریلی ہوئی جو قصبہ کے مختلف بازاروںسے گزر کر کے ڈپٹی کمشنر بارہمولہ کے دفتر کے سامنے اختتام پذیر ہوئی جہاںبعد میں ڈی سی کو ایک میمورنڈم پیش کیا گیا  جس میں جموں کشمیر بنک کی خود مختاری کو بحال کرنے اور عام شہریوں کی ہلاکتوں کو فوری طور بند کرنے کا مطالبہ کیا گیاہے احتجاج میںمیں ریاض احمد بیدا ر،سجاد شفیع اوڑی بھی شامل شامل تھے۔کولگام ریلی کی قیادت عبدالمجید لارمی، پلوامہ میں غلام محی الدین میر، کپوارہ قیصر جمشید لون ، بڈگام میں حاجی عبدالاحد ڈارنے ریلی کی قیادت کی۔ریلیوں سے پارٹی لیڈران نے کہا کہ جموں وکشمیر بینک کو پبلک سیکٹر میں دائرے میں لانے کا یہ فیصلہ ریاستی انتظامی کونسل کے دیوالیہ پن کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ صرف نیشنل کانفرنس ہی نہیں بلکہ تمام طبقہ ہائے فکر، بشمول ٹریڈرس، سول سوسائٹی، سیاسی اور دیگر سماجی انجمنیں بھی ریاستی انتظامیہ کونسل کے اس فیصلے کیخلاف سراپا احتجاج ہیں۔ادھرجموں میں شیر کشمیر بھون سے ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں شامل لیڈران و کارکنان نے مانگ کی کہ ریاستی انتظامی کونسل میں لئے گئے فیصلے کو فوری طور پر واپس لیاجائے ۔ کارکنان نے رگھو ناتھ چوک میں دھرنا دیا اور فیصلے کے خلاف نعرے بازی کی ۔احتجاج میں ریاستی سیکریٹری رتن لعل گپتا، سابق ایم ایل سی دیپندر کور، سابق ایم ایل اے بملا لتھراو دیگران بھی شامل تھے ۔کشتواڑ میں ممبرقانون ساز کونسل سجاد احمد کچلو کی قیادت میں احتجاج کیاگیا ۔ادھرپونچھ ،راجوری ، رام بن، بانہال، کٹھوعہ ، سانبہ ، اودھمپور، بلاور، ریاسی ، گول گلاب گڑھ، بشناہ ، آر ایس پورہ و دیگر مقامات پر بھی این سی کارکنان کی طرف سے احتجاج کئے گئے ۔