وادی کے چند علاقوں میں بادل برسے،گرمی میں کوئی راحت نہیں
جموں//راجوری میں مکان گرنے سے ایک 60 سالہ خاتون کی موت ہو گئی اور کئی ڈھانچے بہہ گئے ۔ بدھ کے روز جموں خطہ کے بڑے حصوں میں شدید بارش ہوئی، جس سے زندگی درہم برہم ہو گئی۔ انہوں نے بتایا کہ کاکو دیوی کو اس کی دو گائیوں کے ساتھ اس وقت زندہ دفن کر دیا گیا جب راجوری ضلع کے خواس کے گندھا گائوں میں صبح سویرے شدید بارش کی وجہ سے اس کا کچا مکان منہدم ہو گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ دیوی کی لاش کو امدادی کارکنوں نے ملبے کے نیچے سے نکالا ہے۔حکام نے بتایا کہ کٹھوعہ ضلع کے ڈونگا گائوں میں بادل پھٹنے سے کم از کم8 رہائشی ڈھانچے بہہ گئے۔ادھر جموں میں صبح 9:30 بجے سے تین گھنٹے سے زیادہ وقت تک بارش کا سلسلہ جاری رہا اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا جس سے شہر کی اہم سڑکوں پر ٹریفک کی آمدورفت بہت سست رہی۔ڈوگرہ چوک، کینال روڈ، بکرم چوک، گاندھی نگر، شاستری نگر، گورکھا کالونی اور سنجے نگر سمیت مختلف مقامات پر سیلابی سڑکوں سے گزرتے ہوئے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جب کہ کئی رہائشیوں اور دکانداروں نے اپنے احاطے کو پانی میں ڈوبتے دیکھا۔حکام نے بتایا کہ بارش کی وجہ سے توی اور دیگر آبی ذخائر میں بھی پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، راجوری ضلع میں صبح 11 بجے ختم ہونے والے 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ 74 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، اس کے بعد جموں میں 48.5 ملی میٹر اور رام بن میں 17.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔موسمیاتی مرکز سرینگر نے بدھ کو اگلے تین دنوں کے دوران جموں و کشمیر کے کچھ حصوں میں بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ گاندربل-سونہ مرگ ، بالتل اور پہلگام ، بانڈی پورہ کے کچھ حصے، بارہمولہ، کپواڑہ، بڈگام، جنوبی کشمیر کے بہت سے حصوں، پونچھ اور راجوری پر بارش/گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ شوپیان، کولگام اور شمال مغربی حصوں میں مختصر مدت کے لیے تیز بارش کا امکان ہے۔