عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جموں میں سکھ مذہب کے بانی و پہلے گرو شری گرو نانک دیو جی کا 554 واں یوم پیدائش انتہائی مذہبی و جوش و جذبے اور تزک و احتشام کے ساتھ منایا گیا۔ پیر کی صبح سکھ برادری کے لوگوں، جو نئے کپڑے زیب تن کئے ہوئے تھے، کا گردواروں اور دوسری مذہبی مقامات پر تانتا بندھا رہا۔شری گرو نانک دیوجی گردوارہ چاند نگر جموں سمیت شہر کے تمام گردواروں میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ خطہ کے دوسرے اضلاع بشمول ادھم پور، کٹھوعہ اور سانبہ میں بھی خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔اطلاعات کے مطابق صوبہ جموں میں ضلعی گردوارہ پربندھک کمیٹیوں کی جانب سے صوبہ جموں کے سبھی گردواروں میں گور پورب کے موقع پر تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ایک عقیدت مند نے بتایا کہ ہم اس مقدس موقع پر وادی اور ملک کی خوشحالی و ترقی کے لئے دعا کی۔انہوں نے کہا کہ ہر سال یہ مقدس دن جوش و جذبے کے ساتھ منایا جاتا ہے اور تمام برادریوں کے لوگ اس میں شرکت بھی کرتے ہیں اور مبارک باد بھی پیش کرتے ہیں ۔
ادھر ریاسی ،ڈوڈہ ،رام بن اور کشتواڑ میں بھی گوروپورب منایاگیا۔کشتواڑمیں سکھ مذہب سے وابستہ لوگوں کی بڑی تعداد صبح سے ہی گردوارے میں پوجا کررہی تھی جبکہ ضلع کے مختلف مقامات پر لنگر لگائے گئے تھے جہاں لوگوں کو کھانے پینے کی چیزیں دی جارہی تھیں۔گردوارہ پربندھک کمیٹی کشتواڑ کے صدر نے کہا کہ انھیں کافی خوشی محسوس ہورہی کہ وہ آج گرونانک جی کا 554 یوم پیدایش منارہے ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر و ایس ایس پی کشتواڑ نے بھی عوام کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ گرنانک جی ہمیشہ سچائی کی راہ پر چلنے کی تلقین کرتے تھے، وہ اپسی بھائی چارے کی ایک مثال تھے جبکہ لوگوں کو انکی دی ہوئی تعلیم پر عمل پیرا ہونا چاہے۔ضلع میں سیکورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے تھے تاکہ کوئی بھی ناخوشگوار واقع پیش نہ آئے۔ضلع ترقیاتی کمشنر ریاسی وشیش مہاجن نے ضلع کے دو گرودواروں، ڈیرہ بابا بندہ بہادر کی عبادت گاہ اور گرودوارہ صاحب، پونی کا دورہ کرکے گروپورب کے مبارک موقع کو منایا۔اپنے دورے کے دوران، انہوں نے گرو نانک دیو جی کی تعلیمات کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے اجتماعیوں کو گرمجوشی سے سلام کیا۔ڈی ڈی سی دونوں گرودواروں میں لنگر میں شرکت کی جو اتحاد اور بے لوث خدمت کے جذبے کی علامت ہے۔ادھرسکھ مذہب کے بانی اور پہلے گرو، گرو نانک دیو جی کا 554 واں یوم پیدائش مذہبی جوش و خروش اور روایتی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔مرکزی پروگرام بٹوت کے گرودوارہ سنگھ سبھا میں صدر ضلع گوردوارہ پربندک کمیٹی سنموکھ سنگھ کی نگرانی میں منعقد کیا گیا۔گرو نانک دیو جی کی تعلیمات اور زندگی پر شبد کیرتن، کتھا اور پرواچن اس جشن کی خاص باتیں تھیں۔ گرو گرنتھ صاحب پاٹھ اور دعا کی تلاوت کی گئی۔اس مبارک موقع کی مناسبت سے گزشتہ دس دنوں کے دوران سکھ عقیدت مندوں نے بٹوٹ شہر کے ذریعے نگر کیرتن کے ساتھ پربھات پھیریاں منعقد کیں۔دریں اثنا، ڈی آئی جی، سی آر پی ایف، جموں سیکٹر، اکھلیش کمار سنگھ نے اپنی اہلیہ سندھیا سنگھ کے ساتھ چندر کوٹ میں سی آر پی ایف 84 بی این ڈی ای ٹی ٹی ہیڈ کوارٹر میں گروپورب پروگرام میں شرکت کی۔اس موقع پر سکھمنی صاحب پاٹھ کے بعد شبد کیرتن اور پاٹھ کا انعقاد کیا گیا۔ عقیدت مندوں کو لنگر بھی پیش کیا گیا۔