جموں میں ڈینگی کے 29 کیس، 2 جی ایم سی جموں میں داخل

سید امجد شاہ

جموں//جموں بھر میں ڈینگی کے 29 معاملے سامنے آئے ہیں اور ڈینگی سے متاثرہ دو مریضوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج پتال کے مخصوص وارڈ میں ان کی صحت خراب ہونے کے بعد داخل کیا گیا ہے۔ایک عہدیدار نے کہا”جموں میں ڈینگی کے زیادہ تر کیس رپورٹ ہوئے ہیں جن کی تعداد 29 تک پہنچ گئی ہے۔ ان میں سے، ایک کیس آج ضلع میںہسپتال میں رپورٹ کیا گیا ۔ جموں و کشمیر میں مجموعی طور پر 41 کیس رپورٹ ہوئے ہیں‘‘۔عہدیدارنے بتایا کہ “ہسپتال کے وارڈ نمبر 3 میں ڈینگی کے دو مریضوں کی حالت خراب ہونے پر داخل کیا گیا ‘‘۔انکاکہناتھا کہ اتوار کوڈینگی کے 15 نمونے ٹیسٹ کے لیے لیے گئے، اور ایک خاتون کا ڈینگی پازیٹیو کیس میں ٹیسٹ کیا گیا، جس سے صرف جموں ضلع میں کیسوں کی کل تعداد 29 تک پہنچ گئی۔ اب تک 2853 ٹیسٹ کیے گئے، اور ان میں سے 41 کے ٹیسٹ مثبت آئے۔مثبت کیسوں میں جموں ضلع سے 29، ادھم پور سے 3، سانبہ سے 2، کٹھوعہ سے 1، پونچھ سے 2، جموں و کشمیر سے باہر سے ایک اور وادی کشمیر سے تین (پہلے ہی رپورٹ ہو چکے ہیں) شامل ہیں۔دریں اثنا، جی ایم سی جموں اور ایس ایم جی ایس ہسپتال، جموں نے دونوں ہسپتالوں میں کچھ وارڈ ڈینگی کے مریضوں کے لیے مختص کیے ہیں۔