جموں میں پولیس کانسٹیبل کی مشکوک حالت میں لاش برآمد

عظمیٰ نیوزسروس

جموں// جموں میں اتوار کو ایک پولیس کانسٹیبل پراسرار حالات میں مردہ پایا گیا۔ حکام نے بتایا کہ پولیس کانسٹیبل کی شناخت وویک ڈوگرہ ساکن وارڈ8جموں کے طور پر ہوئی ہے، وہ سرینگر میں تعینات تھا اور دو دن پہلے ہی گھر واپس آیا تھا۔ وویک کے بھائی، ساحل ڈوگرہ نے بتایا کہ وویک سرینگر سے واپس آنے کے بعد ایک مقامی رہائشی کے ساتھ رات گئے گھر سے باہر گیا۔ اگلی صبح جب ساحل نے اپنے بھائی کو نہیں دیکھا تو اس نے اس رہائشی سے رابطہ کیا جس کے ساتھ اس کا بھائی باہر گیا تھا۔ اُنہوں نے کہا “اس نے مجھے بتایا کہ اس نے وویک کو رات 11:30بجے گھر واپس چھوڑ دیا تھا، اور شاید وہ دوبارہ چلا گیا ہو گا”۔ ساحل نے بتایا کہ جب اس نے اپنے بھائی کو تلاش کیا تو معلوم ہوا کہ اس کی لاش پڑوس میں ایک الیکٹرک ٹرانسفارمر کے پاس پڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے پوسٹ مارٹم بھی کرایا ہے، تاہم ابھی تک اہل خانہ کو کچھ نہیں بتایا گیا ہے۔ سیکورٹی ایجنسیوں سے اپنے بھائی کی موت کی مناسب تحقیقات کرنے کی درخواست کرتے ہوئے، ساحل نے کہا کہ ان کا بھائی کبھی بھی علاقے سے باہر گھومنے پھرنے نہیں جایا کرتا تھا۔ اُنہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا “ہمیں نہیں معلوم کہ اس کے ساتھ کیا ہوا”۔