جموں میں نیوہ پلوامہ کا نرسنگ طالب علم گرفتار | بارودی سرنگ ضبط، دو ساتھی بھی حراست میں : آئی جی جموں

جموں//انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی پی)  جموں مکیش سنگھ نے دعویٰ کیا کہ بی سی روڈ پر نرسنگ طالب علم کو دھماکہ خیز مواد سمیت گرفتار کیا گیاجو البدر تنظیم کیساتھ وابستہ تھا۔انہوں نے کہا کہ ابتک البدر سے وابستہ تین افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں ایک کو جموں سے اور دو چنڈی گڑھ سے تعلق رکھنے والے ہیں۔ آئی جی جموں نے بتایا کہ پلوامہ واقعہ کی دوسری برسی کے موقع پر عسکریت پسند تنظیموں کی طرف سے جموں میں دھماکے کرنے کی ایک ممکنہ کوشش کے بارے میں معلومات حاصل کی گئیں تھیں۔انہوں نے بتایا کہ انہوں نے تمام ناکوں کو الرٹ کردیا تھا اور چیکنگ جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چیکنگ کے دوران پولیس نے ایک بیگ کے ہمراہ سہیل بشیر شاہ ولد بشیر احمد شاہ ساکن نیوہ پلوامہ کو گھومتے ہوئے پایا اور اسے گرفتار کیا۔انہوں نے کہا کہ سہیل کے بیگ سے 6.5 کلو سے زیادہ IED برآمد کی گئی۔ وہ چنڈی گڑھ میں ایک نرسنگ کورس کر رہا ہے جہاں اسے جموں شہر یعنی ریلوے اسٹیشن ، جموں بس اسٹینڈ ، لکدتا بازار یا رگھوناتھ مندر میں دھماکے کے لئے آئی ای ڈی لگانے کے لئے پاکستان کے البدر ہینڈلر سے ہدایت ملی تھی۔تاہم ، پولیس اس کو گرفتار کرنے میں کامیاب رہی اور اسی وجہ سے انہوں نے جموں میں عسکریت پسندی کی بڑی کارروائی کو روک لیا۔انہوں نے بتایا کہ آئی ای ڈی رکھنے کے بعد ، گرفتار البدر کے ممبر کو سری نگر جانا تھا جہاں اسے البدر کے اعلی درجے کے اوور گراؤنڈ ورکر (او جی ڈبلیو) اطہر شکیل خان عرف عبید اللہ ساکن نیوہ پلوامہ سے ملنا تھا اوربعد میں سہیل کو بھی متحرک ہونا تھا۔گرفتار شخص کے اس انکشاف پر ، آئی جی پی نے بتایا کہ چنڈی گڑھ میں اس کا ساتھی جو آئی ای ڈی کے بارے میں بھی جانتا تھا ، قاضی وسیم عرف قاضی کو بھی پکڑا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ان کے ساتھی عابد نبی عرف سحران ساکن بڈگام کو سری نگر سے گرفتار کیا گیا ۔