جموں//کنونشن سینٹر جموںمیں آج 30وفود نے گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی کے ساتھ ملاقات کر کے اپنے مسائل اُن کی نوٹس میں لائے ۔خورشید احمدگنا ئی نے وفود کو یقین دلایا کہ ریاست کے تینوں خطوں کے لوگوں کے مسائل حل کرنے کے لئے انتظامیہ ہرممکن اقدامات کر رہی ہے ۔رام مورتی شرما کی سربراہی میں کٹھوعہ وِکاس منچ کے ایک وفد نے علاقے میں ڈگری کالج کے قیام کا مطالبہ کیا۔بزر گ افراد کی فلاح کے لئے ایک ایسو سی ایشن کے وفد نے بھی اپنے مطالبات مشیر کے سامنے رکھے۔سابق وزیر گلچین سنگھ چاڈک کی سربراہی میں آئے ایک وفد نے کئی مسائل مشیر کی نوٹس میں لائے۔بگوری ، کاستی گڈھ اور ڈوڈہ سے آئے کئی وفود نے بھی مشیر کے ساتھ ملاقات کر کے عوامی اہمیت کے معاملات ا ن کی نوٹس میں لائے۔کٹھوعہ کے سالان علاقے سے آئے ایک وفد نے بھی اپنے مسائل کے حل میں مشیر کی مداخلت طلب کی۔مینڈھر سے آئے ایک عوامی وفد نے اپنی مشکلات مشیر کی نوٹس میں لائیں۔اس کے علاوہ جموں کے دو ردراز علاقوں سے آئے کئی عوامی وفود نے اپنے مطالبات مشیر کی نوٹس میں لا کر ان کو پورا کرنے میں مشیر کی مداخلت طلب کی۔خورشید احمد گنائی نے تمام وفود کے مطالبات غور سے سنے اور انہیں یقین دلایا کہ جائز عوامی مطالبات ترجیحی بنیادوں پر پورا کئے جائیں گے۔
خورشید گنائی نے ڈپٹی کمشنر وں کو عوامی شکایات کا ازالہ کرنے کی ہدایت دی
نیوز ڈیسک
جموں//گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے بڈگام ، کولگام اور ریاسی اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اِن اضلاع میں موصول شدہ شکایات کو دُور کر نے اور اُنہیں بنیاد ی سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات کریں۔عوامی دربار کے دوران آج یہاں کٹرا قصبے کے لوگوں نے کئی شکایات مشیر موصوف کے گوش گزار کئے جن میں پینے کے پانی کی سخت قلت بھی شامل ہیں ۔اسی طرح کولگام میں دَمحال ہانجی پورہ کے لوگوں نے بھی پینے کے پانی کی قلت کی شکایت کی جبکہ بڈگام ضلع کے یوسمرگ علاقے کے لوگوں نے حکومت کی توجہ سڑکوں ، پینے کے پانی ، بجلی اور بنیادی ضروریات کی طرف مبذول کی۔ مشیرموصوف نے متعلقہ ڈپٹی کمشنر وں کو ہدایت دی کہ وہ لوگوں کی شکایات کا ازالہ کرنے کے لئے بلاک ہیڈ کوارٹر کا دور ہ کیا کریں۔اُنہوں نے اس سلسلے میں اِنتظامی سیکرٹریوں کو بھی ہدایت دی کہ وہ روزانہ ایک یا دو گھنٹے لوگوں کی شکایات بغور سننے اور ان کا اَزالہ کرنے کے اقدامات کریں۔