جموں میں فیس بک پر فحش تصاویر بھیجنے والا گرفتار

 سرینگر//لڑکی کے نام پر فیس بک اکائونٹ کھول کر ایک لڑکی تک پہنچنے کے بعد فحش تصاویر بھیجنے والے شخص کو سائبر پولیس جموں نے گرفتار کر کے کیس درج کر کے مزید تحقیقات شروع کی ہے ۔ کے این ایس کے مطابق جموں میں سائبر پولیس نے ایک خاتون کو فیس بک پر فحش تصاویر بھیجنے کی پاداش میں ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ایس پی آپریشنز اور سائبر سیل کے انچارج نریش سنگھ نے کہا کہ جموں سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے سائبر پولیس اسٹیشن جموں میں ایک تحریری شکایت درج کی جس میں کہا گیا کہ فیس بک پر ایک نامعلوم خاتون کے نام سے چلنے والے ایک فیس بک اکاؤنٹ ہولڈر کے ساتھ اْس کی دوستی ہوئی لیکن اس اکاؤنٹ کو چلانے والے نے بعد میں انکشاف کیا کہ وہ خاتون نہیں بلکہ ایک مرد ہے اور اس کے ساتھ ہی اس نے بے ہودہ تبصرے اور فحش تصاویر بھیجنا شروع کیں۔انہوں نے کہا کہ شکایت کی بنیاد پر کیس درج کر کے تحقیقات شروع کی گئی اور اس دوران دونوں کے الیکٹرانک اور فزیکل ڈاٹا کو جمع کیا گیا ہے۔