جموں میں درماندہ کشمیریوں پر طالب علموں کی سنگباری، سوشل میڈیا پرویڈیو وایئرل

سرینگر/سرینگر۔جموں شاہراہ مسلسل بند رہنے کے نتیجے میں اوقاف بلڈنگ جموں میں پناہ گزین درماندہ کشمیری مسافروں پر ایک نزدیکی کالیج کے طالب علموں نے پتھروں سے حملہ کیا۔یہ واقعہ اتوار کو پیش آیا ہے اوراس سلسلے میں ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وایئرل ہوئی ہے جس میں کشمیری درماندہ مسافروں کو اپنی جان بچاتے ہوئے اُدھرادھر بھاگتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔  

اڑھائی منٹ لمبی اس ویڈیو میں کشمیری مسافروں کو ایک دوسرے کو طالب علموں کی طرف سے سنگباری سے بچنے کی صلاح دیتے ہوئے بھی سنا جاسکتا ہے۔

 ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کیسے کشمیری مسافر اپنے ایک ساتھی کے ہاتھ سے پتھر لے رہے ہیں جو سنگباری کررہے طالب علموں پر ایک واپسی پتھر پھینکنے کی کوشش کررہا تھا۔

ویڈیو میں ایک کشمیری خاتون، جس کی گود میں ایک بچہ بھی ہے، ڈر کے مارے بیہوش ہوتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

اس صورتحال میں بعض کشمیریوں کو'' اللہ اکبر'' کے نعرے بلند کرتے ہوئے بھی سنا جاسکتا ہے تاہم کئی اُنہیں صبر سے کام لینے کی صلاح بھی دیتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔

ہزاروں کشمیری، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جموں میں کشمیر شاہراہ بند ہونے کے نتیجے میں درماندہ پڑے ہیں۔

یہ شاہراہ آج مسلسل چھٹے روز بھی بند رہی۔