جموں میں دربارکا آخری روز

 جموں// سول سیکرٹریٹ اور دیگر دربار مؤ دفاتر جمعہ کو جموں میں بند ہوگئے جو7مئی کو سرینگر میں دوبارہ کھلیں گے۔ششماہی دربار کے آخری روز سول سیکرٹریٹ میں اچھی خاصی چہل پہل رہی بالخصوص ملازمین تگ و دوکر تے نظر آئے جب کہ سیکرٹریٹ کے ملازمین فائلیں سمیٹنے، کمپیوٹر اور پرنٹر وغیرہ بکسوں اور صندوقوں میں بندکروانے میں مصروف رہے ۔ درجنوں کی تعداد میں قلی مقفل صندوقوں کو ٹرکوں میں لوڈ کرنے میں لگے رہے ۔ قریب 10روز تک بند رہنے کے بعد 7مئی کو دربار سرینگر میں سجے گا۔ واضح رہے کہ پچھلے کئی روز سے دربار مؤ کی تیاریاں جاری تھیں ، سیاسی ہلچل کے پیش نظر ان تیاریوں میں مزید تیزی آ گئی تھی کیوں کہ پچھلے کئی روز سے بیشتر وزراء نے سیکرٹریٹ آنا بہت کم کر دیا تھا جب کہ اعلیٰ افسران کی حاضری بھی بہت کم تھی ۔ آخری روز زیادہ تر وزراء وسیکرٹری نہیں آئے ، زیادہ تر وزراء اپنے اپنے حلقہ انتخاب کے دورہ پر ہیں۔ سیکرٹریٹ ذرائع نے بتایا کہ ایڈوانس پارٹیاں پہلے ہی سرینگر روانہ کی جا چکی ہیں جو وہاں ساز و سامان وصول کریں گے۔ رابطہ قائم کرنے پر جنرل منیجر ایس آر ٹی سی دھریندر شرما نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ دربارمؤ کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور مطلوبہ تعداد میں ٹرک اور بسیں سیکرٹریٹ حکام کو دستیاب کروا دی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سر دست 65ٹرک مختلف محکمہ جات کا سامان لوڈ کروانے کیلئے سیکرٹریٹ پہنچ گئے ہیں جب کہ مزید 80ٹرک سٹینڈ بائی رکھے گئے ہیں۔ ملازمین کو لے کر جانے والی پہلی کانوائی آج یعنی ہفتہ کے روز روانہ ہوگی اور کل اتوار کو بھی ملازمین کو لے کر گاڑیاں سرینگر جائیں گی۔ جموں کے ملازمین 5اور 6مئی کو روانہ ہوں گے۔ محکمہ ٹریفک نے بھی اس سلسلہ میں ایڈوائزری جاری کر رکھی ہے اور ان چار دنوں میں گاڑیوں کو سرینگر سے جموں کی طرف آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔