جموں //گورنمنٹ پالی ٹیکنیک بکرم چوک جموں میں سی ٹی گروپ آف انسٹی ٹیوٹ جالندھر کے اشتراک سے میگا پلیس منٹ مہم ’جاب فیسٹیول۔2019‘کا انعقاد کیاگیا جس میں پالی ٹیکنیک کالج ،آئی ٹی آئیزاور گریجویٹ 550سے زائد طلباء نے شرکت کی ۔جاب فیسٹیول کا افتتاح ڈاکٹر روی شنکر شرما ڈائریکٹر ٹیکنکل ایجوکیشن جموں وکشمیر نے کیا ۔انہوں نے اس موقعہ پر طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ان کے سامنے کئی طرح کے چیلنجز ہیں جن کا انہیں جواں مردی اور بھرپور محنت سے مقابلہ کرناہے ۔ انہوں نے کہاکہ طلباء کو چیلنجوں کو مواقع میں تبدیل کرناہوگا تبھی جاکر وہ کامیاب ہوسکیںگے ۔ اپنے خطبہ استقبالیہ میں انجینئر ارون بنگوترہ پرنسپل کالج نے کہاکہ جاب فیسٹیول طلباء کی پیشہ وارانہ زندگی کا پہلا مرحلہ ہے۔انہوں نے وہاں موجود تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ جاب فیسٹیول کا انعقاد طلباء کو سترہ نامور قومی و بین الاقوامی کمپنیوں میں ملازمت فراہم کرنے کے مقصدسے کیاگیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ ا س دوران ریلائنس جیو، مدر سن، انڈو فارم ایکوپمنٹ، ٹیم لیز، پکھراج، ٹریوو کیئر ورلڈ وائڈسروس پرائیویٹ لمیٹیڈ جیسی کمپنیاں 2017،2018اور 2019کے سیشن میں کامیاب قرار دیئے گئے طلباء کوروزگار کیلئے چنیں گی ۔انہوں نے کہاکہ ایک ساتھ کئی بڑی کمپنیوں کو یہاں لانا بہت بڑا اقدام ہے اوراس پروگرام کے ذریعہ نامور کمپنیوں میں ملازمت کا موقعہ ملے گا۔ اس فیسٹیول کا اہتمام کالج کے ٹریننگ و پلیس منٹ سیل کی طرف سے کیاگیا جو راجیش کھجوریہ ، انجینئر صنم گپتا، انجینئر اجے تھاپہ ، انجینئر ساکشی کپائی ، انجینئر رمیز رشید ، انجینئر محمود اور انجینئر پی کے انگرال پر مشتمل ہے ۔ شکریہ کے کلمات انجینئر جسدیپ کور نے کہے جبکہ اس موقعہ پر کالج کاعملہ بھی موجو دتھا۔
جموں میں جاب فیسٹیول ۔2019کا انعقاد
