پرویز احمد
سرینگر //جموں صوبے کے سبھی 10اضلاع میں مسلسل تیسرے دن بھی کوئی کیس سامنے نہیں آیا ہے۔تاہم کشمیر میں 9افراد متاثر ہوئے ہیں۔ جموں و کشمیر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 4لاکھ 54ہزار 843ہوگئی ہے۔ اس دوران مسلسل 25ویں دن بھی جموں و کشمیر میں کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 4750رکی ہوئی ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے فراہم کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق جموں و کشمیر میں پچھلے 24گھنٹوں کے دوران 24ہزار 734ٹیسٹ کئے گئے جن میں 3سفر کرنے والوں سمیت مزید 9افراد کی رپورٹیں آئیں،جن کا تعلق کشمیر صوبے سے ہے جبکہ جموں صوبے کے 10اضلاع جموں، ادھمپور، راجوری، پونچھ ، کٹھوعہ، کشتواڑ، سانبہ، رام بن، ڈوڈہ اور ریاسی میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ۔ جموں صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 1لاکھ 66ہزار 273ہوگئی ہے۔ اس دوران جموں کشمیر میں مسلسل 25ویں دن بھی کسی کی موت واقع نہیں ہوئی ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 2327بنی ہوئی ہے۔ کشمیر صوبے کے بارہمولہ، بڈگام، کپوارہ، بانڈی پورہ، گاندربل، کولگام ،پلوامہ اور شوپیان میںکوئی کیس سامنے نہیں آیا ہے جبکہ دیگر 2اضلاع میں 9افراد کو مثبت قرار دیا گیا ہے۔ کشمیر میں مثبت قرار دئے گئے 9افراد میں 3بیرون ریاستوں سے سفر کرکے واپس لوٹے جبکہ دیگر 6افراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ کشمیر میں متاثر ہونے والے 9افراد میں سرینگر میں8جبکہ ایک اننت ناگ میں متاثر ہوا ہے۔ کشمیر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2لاکھ 87ہزار 581تک پہنچ گئی ہے۔ اس دوران وادی میں مسلسل 36ویں دن بھی کورونا وائرس سے کسی کی جان نہیں گئی ہے۔ وادی میں متوفین کی مجموعی تعداد 2423بنی ہوئی ہے۔