جموں میں اپنی نوعیت کے پہلے فش مارکیٹ کمپلیکس کا قیام

 جمو ں//نروال علاقہ میں اپنی نوعیت کی پہلی پرچون اور ہول سیل فِش مارکیٹ کمپلیکس کا افتتاح کیا گیا۔پشو، بھیڑ پالن اور ماہی پروری کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے مارکیٹ کا افتتاح کیا۔  میونسپل کمشنر پنکج منگوترہ،ڈائریکٹر فشریز آر این پنڈتا ، ضلع انتظامیہ کے افسران ، محکمہ فشریز ، جے ایم سی کے اہلکار اور فش ٹریڈرز کے نمائندے بھی موجود تھے۔ڈاکٹر سامون نے اس موقعہ پر کہا کہ مارکیٹ میں تمام جدید سہولیات دستیاب رکھی گئی ہیں جن میں ڈیپ فریزر اور ائیر کنڈشننگ سہولیت شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مارکیٹ نجی کارو بار کرنے والے اور مچھلیوں کے کارو بار سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو اپنی مصنوعات بیچنے کے لئے اُن کی ضروریات کو پورا کرے گی۔ڈاکٹر سامون نے ان سہولیات کا تفصیلی جائیزہ لیا۔ انہوں نے متعلقین پر زور دیا کہ وہ صارفین کو بہتر خدمات فراہم کرنے کے اقدامات کریں۔انہوں نے کہا کہ مارکیٹ میں صحت و صفائی پر توجہ مرکوز کی جانی چاہئے۔انہوں نے مزید کہا کہ جے ایم سی کے ہیلتھ افسر کی نگرانی میں ایک ٹیم اشیاء خوردنی کے معیار پر نگاہ رکھنے کے اقدامات کرے گی۔فش ٹریڈرز کے ایک وفد نے ڈاکٹر سامون کا یہ سہولیت فراہم کرنے کے لئے شکریہ ادا کیا۔افتتاحی دِن پر بڑی تعداد میں لوگ مچھلیاں خریدنے آئے تھے۔جموں صوبے کے تین رجسٹرڈ ماہی گیروں کو اپنے روز مرہ کے کام کاج کے لئے آٹو رکھشا فراہم کیا گیا۔