جموں میںکسٹوڈین اراضی کے سب سے بڑے گھوٹالے کا پردہ فاش ۔ 16مقامات پر چھاپے،ریونیو افسران، پولیس،لینڈ مافیااوردیگر افراد کیخلاف5 کیس درج

عظمیٰ نیوز سروس

جموں //جموں و کشمیر کے انسداد بدعنوانی بیورو نے جموں و کشمیر میں ایک بڑے زمینی گھوٹالے کا پردہ فاش کرنے میں بڑی کامیابی حاصل کی ہے، جس میں جموں ضلع کے اسرون، مشری والا اور بھلوال علاقے میں کسٹوڈین، ریونیو اور محکمہ پولیس کے افسران/ اہلکاروں کے ساتھ مل کر کسٹوڈین اراضی کو لینڈ مافیا کے ذریعے ہڑپ کیاگیا ہے۔ ایک اہلکار نے بتایا کہ اسروں، مشری والا اور بھلوال جموں میں واقع ہزاروں کنال پر مشتمل کسٹوڈین اراضی کو لینڈمافیا / غنڈوں نے ریونیو اور پولیس افسران / اہلکاروں کے ساتھ مل کر دھوکہ دہی سے ہڑپ کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریونیو ریکارڈ میںقلم زنی کی گئی اور زمینیں مختلف افراد کو فروخت کی گئی۔انہوں نے کہاکہ اے سی بی نے جانچ پڑتال شروع کی جس دوران پایا گیا کہ مجرمانہ سازش کے تحت کئی پاکستانی رفوجیوں سے فارم 3Aکے ساتھ ساتھ پاور آف اٹارنی حاصل کرنے کے بعد انہیں اضافی زمینوں کا لالچ دے کر پانچ ہزار سے پچاس ہزار روپیہ فوری طورپر فراہم کئے گئے ۔ اس کے بعد محکمہ مال اور کسٹوڈین ڈیپارٹمنٹ کے افسران کی طرف سے ریونیو ریکارڈ میں اضافہ دکھاکر سرکاری خزانے کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا گیا۔موصوف ترجمان کے مطابق تحقیقات کے دوران ملی بھگت کا معاملہ سامنے آنے کے بعد اے سی بی نے معاملے کی نسبت مختلف دفعات ،جن میں انسداد بد عنوانی ایکٹ، مجرمانہ سازش ، دھوکہ دہی ، جعلسازی شامل ہے،کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی۔ مجاز اتھارٹی سے تلاشی وارنٹ حاصل کرنے کے بعد سپیشل جج اینٹی کرپشن بیورو جموں کی ہدایت پر اے سی بی نے آفیسران، آزاد گواہوں ، مجسٹریٹس پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دے کر انہیں سولہ مقامات کی اور روانہ کیا گیا ۔اس حوالے سے پانچ ایف آئی آر درج کرنے کے علاوہ محکمہ مال، پولیس اور کسٹوڈین محکمہ کے آفیسران اور اہلکاروں کی ملی بھگت سے لینڈ مافیا کے زیر قبضہ اراضی کا پتہ لگانے کی خاطر بھی بڑے پیمانے پر تحقیقات جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سپیشل جج انسداد بدعنوانی جموں، اے سی بی کے افسران، آزاد گواہوں، مجسٹریٹوں پر مشتمل تلاشی ٹیمیں جموں اور اس کے ملحقہ علاقوں میں تقریبا سولہ مقامات پر روانہ کی گئیں، جو اب بھی جاری ہیں۔5 ایف آئی آر درج ہونے کے علاوہ، لینڈ مافیا کے ذریعہ ریونیو، پولیس اور کسٹوڈین ڈپارٹمنٹ کے افسران اور اہلکاروں کے ساتھ ملی بھگت سے بقیہ غصب شدہ کسٹوڈین اراضی کا پتہ لگانے کے لیے تصدیق جاری ہے۔