جموں// کور گروپ کی میٹنگ نے جمعہ کو یہاں وائٹ نائٹ کور میں سیکورٹی فورسز اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کی اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جموں خطے کی موجودہ سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔جی او سی وائٹ نائٹ کور لیفٹیننٹ جنرل منجندر سنگھ اور ڈی جی پی جموں و کشمیر پولیس دلباغ سنگھ نے کور گروپ کی میٹنگ کی مشترکہ صدارت کی جس میں سیکورٹی حکام اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے سینئر عہدیداروں کی شرکت کے ساتھ جموں خطے میں انٹیلی جنس اور سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔دفاعی ترجمان جموںلیفٹیننٹ کرنل دیویندر آنند نے کہا کہ’’ کور گروپ کی میٹنگ میں موجودہ سیکورٹی صورتحال، پاکستان میں دہشت گردوں کی بین الاقوامی سرحد اور لائن آف کنٹرول (ایل سی) سیکٹر سے دراندازی کی کوششوں، دہشت گردی کی فنڈنگ ،سوشل میڈیا کے ذریعے بنیاد پرستی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا"۔میٹنگ میں ڈوڈہ، کشتواڑ اور رام بن کے علاقے میں سیکورٹی کی صورتحال، اوور گراؤنڈ ورکرز (او جی ڈبلیو) نیٹ ورک اور جموں خطے میں دہشت گردی کو بحال کرنے اور پرامن صورتحال اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بگاڑنے کی کوشش کرنے والے دہشت گرد گروپوں کے تازہ ترین طریقہ کار کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ "مسلح افواج، انٹیلی جنس ایجنسیوں اور پیرا ملٹری فورسز کے درمیان ہم آہنگی کو سبھی نے سراہا ہے کیونکہ اس نے ملک دشمن عناصر کے مختلف عزائم کو ناکام بنا کر خطے میں امن برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے"۔دفاعی ترجمان نے مزید کہا کہ اسپیشل ڈی جی سی آئی ڈی، آئی جی بی ایس ایف، آئی جی سی آر پی ایف، ڈویژنل کمشنر ایس بی، ڈائریکٹر آئی بی، اور وائٹ نائٹ کور کے تمام فارمیشنز کے فارمیشن کمانڈرز اور ڈویژنل کمشنر جموں موجود تھے۔دریں اثنا ایک اورعہدیدارنے کہا کہ: "انہوں نے سرحد پار (پاکستان) سے جموں کی سرحدی پٹی میں منشیات کی سمگلنگ، وادی چناب میں عسکریت پسندی کے مسائل، بین الاقوامی سرحد اور لائن آف کنٹرول پر بات چیت کی"۔ان کا مزید کہناتھا"پاکستان سے منشیات کی سمگلنگ کوششوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا حالانکہ انہیں بی ایس ایف نے متعدد مواقع پر ناکام بنا دیا ‘‘۔عہدیدار نے کہا کہ "بی ایس ایف کو بین الاقوامی سرحد کے ساتھ سرحد کے پار مشکوک نقل و حرکت کے بارے میں معلومات کے بعد پہلے ہی الرٹ پر رکھا گیا تھا اور اس نے اس طرح کی کوششوں کو ناکام بنانے میں مدد کی۔"انہوںنے مزید کہا"سیکورٹی ایجنسیوں کو وادی چناب میں عسکریت پسندی کو بحال کرنے کی کوششوں اور سوشل میڈیا کے غلط استعمال کے بارے میں تشویش ہے اورخطے میں امن کو برقرار رکھنے کے لیے سیکورٹی فورسز، انٹیلی جنس اور سول انتظامیہ کے درمیان بہتر ہم آہنگی پر زور دیا گیا‘‘۔
جموں میںسیکورٹی فورسز، انٹیلی جنس ایجنسیوں کی کور گروپ میٹنگ | خطہ کی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ
