جموں میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی پرسوالیہ

 جموں//میونسپل کارپوریشن جموں جس پرشہرکے رکھ رکھائو،صفائی ستھرائی اورناجائزتجاوزات پرقدغن لگانے کی ذمہ داری عائد ہے ،جموں شہربالخصو ص پرانے شہرمیں ناجائزتجاوزات ہٹانے اورغیرقانونی اورقوانین ونقشوںکوبالائے طاق رکھ کرکی گئی تعمیرات پرروک لگانے اورنقشوں کے مطابق تعمیرات یقینی بنانے میں ناکام ہوچکاہے ۔تفصیلات کے مطابق شہرجموں بالخصوص پرانے شہرکے اندرونی علاقہ جات کاجائزہ لینے سے یہ صاف ہوجاتاہے کہ میونسپل کارپوریشن کے کچھ اعلیٰ افسران کی ملی بھگت سے نقشوں کی خلاف ورزی کرکے تیزرفتاری کے ساتھ تعمیرات کی جارہی ہیں جس کاعمومی طورپرنقصان عام شہریوں کوہورہاہے ۔سنیل کمارنامی ایک شخص نے نمائندہ کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہاکہ  جہاں تک ناجائزتعمیرات کاتعلق ہے اس میں محکمہ کے کچھ عہدیداران کی ملی بھگت شامل ہے جس کی وجہ سیکچھ لوگ بغیرکسی خوف کے نالیوں کے اوپر بھی تعمیرات کرنے سے چنداں گریزنہیں کررہے ہیں اورنتیجہ کے طورپرکارپوریشن کی بلڈنگ سیکشن کی طرف سے منظور کیے جانے والے تعمیراتی نقشوں کے برعکس عمارتیں تعمیرہوتی ہیں جس سے کارپوریشن کے انچارج بلڈنگ سیکشن سمیت دیگر عہدیداران کی لاپرواہی اوربددیانتی عیاں ہوجاتی ہے۔یہاں یہ بات بھی عیاں ہے کہ کارپوریشن کاایک شعبہ یعنی سینی ٹیشن جس کی کارکردگی کچھ حدتسلی بخش ہے کوبھی نالیوں کی صفائی میں جومشکلات آتی ہیں اس کی وجہ بھی ناجائزتجاوزات پرروکتھام کیلئے محکمے کے عہدیداران بالخصوص فیلڈانسپکٹروں اورخلاف درزی سیکشن کے عملے کاغیرذمہ دارانہ رویہ اور غفلت شعاری ذمہ دار ہے ۔اس سلسلے میںمحمدعارف نامی شخص نے کہاکہ کارپوریشن کا خلاف درزی سیکشن جس پرغیرقانونی وناجائزتجاوزات پرروک لگانے کی ذمہ داری ہے بھی خواب غفلت میں مبتلاہے اورناجائزتجاوزات ہٹانے کی مہم محض دکھاوے اورفوٹوسیشن کے سواکچھ بھی نہیں ہے ۔اتناہی نہیں کارپوریشن کااہم شعبہ جس پر نقشوں کی جانچ پڑتال اورمنظوری کی ذمہ داری ہے بھی اپنے ذاتی مفادات کوبالاتررکھ تے ہوئے اورتمام بلڈنگ رولزکوبالائے طاق رکھ کرنقشے پاس کرتاہے ۔اورنقشہ پاس کرتے وقت اس چیزپرقطعی دھیان نہیں رکھاجاتاکہ عمارت کی تعمیرسے کہیں جوکسی دوسرے ہمسائے کے مفادات جیسے کہ ا سکے گھرکی روشنی ،پرائیویسی ،ہواکی آمد،اورتحفظ کہیںمتاثرتونہیں ہوتے ،جوکہ باعث افسوس بات ہے۔جموں شہرکے لوگوں نے ریاستی محبوبہ مفتی وزیراعلیٰ جموں کشمیرسے بھی اس سمت میں ہدایات جاری کرنے کی امیدکی ہے اورمطالبہ کیاہے کہ کارپوریشن میں جن افسران نے غلط طریقوں سے پچھلے پانچ چھ سالوں میںترقیاں حاصل کی ہیں اورناجائزطریقے سے تعمیراتی نقشوں کی منظوری اورنقشوں میں بے ضابطگیاں کی ہیں،اس کی کرائم برانچ کے ذریعے سے انکوائری کرواکرایسے بددیانت آفیسران کوقانونی شکنجے میں لایاجائے تاکہ آئندہ وقت میںدوسرے آفیسران کے لیے باعث عبرت ثابت ہوں۔پرانے شہرجموں کے شہریوں نے کارپوریشن کے اعلیٰ حکام بالخصوص کمشنرومتعلقہ وزراء حضرات سے گذارش کی ہے کہ وہ جموں شہر(پرانا) کے اندرونی علاقہ جات کاازخوددورہ کرکے زمینی سطح پرحقائق سے آگاہی حاصل کریں  تاکہ عام لوگوں کی جائزمشکلات کاکچھ حدتک ازالہ ہوسکے۔علاوہ ازیں لوگوں نے کہاہے کہ نائب وزیراعلیٰ جومحکمہ شہری ترقی کے وزیربھی ہیں سے توقع کی ہے  کہ وہ اس سمت میں سنجیدہ اقدامات اٹھاکر جموں کے اندرونی علاقوں کے عوام کی پریشانیاں دورکریں گے اورموجودہ کمشنرمیونسپل کارپوریشن سے بھی اُمیدکی ہے  کہ وہ ناجائزتجاوزات پرروک لگانے کیلئے ایک فلائنگ سکارڈ تشکیل دے کرکارپوریشن کی اس سمت میں بہترکارکردگی یقینی بنائیں اورجوشکایات آئے دن محکمہ میں منظورشدہ نقشوں میں بے ضابطگیوںاورناجائزتجاوزات کے سلسلے میں پچھلے ایک سال میں موصول ہوئی ہیں ان پرعملدرآمدکی رپورٹ متعلقہ افسران سے طلب کرکے عوام کے اعتمادکوبحال کریں۔