جموں//شہر کے عوام کو بہتر بنیادی سہولیات فراہم کرنے کےلئے اپنی مہم کو جاری رکھتے ہوئے جموں میونسپل کارپوریشن کے مئیر چندر موہن گپتا نے جمعرات کے روز وارڈ نمبر 38 کے نصیب نگر،جانی پور ہاﺅسنگ کالونی، بوٹا نگر علاقوں کا دورہ کیا۔ایک بیان کے مطابق دورے کے دوران انکے ہمراہ کونسلر سریندر شرما ، ایگزیکٹو انجینئر (UEED)تاج چودھری، ہیلتھ افسر ڈاکٹر سلیم خان ، ایگزیکٹو انجینئر محکمہ صحت عامہ، جے ایم سی کے ٹرانسپورٹ افسر و متعدد محکموں کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔مئیر نے عام لوگوں کی جانب سے ابھارے گئے مسائل کا جائزہ لیا، جن میں گلیوں اور نالیوں سے ملبہ ہٹانا ، بہتر صفائی و ستھرائی، مناسب فاگنگ، آوارہ مویشوں کو اٹھانا ،پانی کی پائپوں کے رساﺅ کو بند کرنا ، وارڈ میں صاف وشفاف پانی مہیا کرنا ، اور وارڈ میں نالوں کی مرمت وغیرہ شامل تھے۔مئیر نے وراڈ نمبر 38 کے مسائل جنگی بنیادوں پر حل کرنے کی متعلقہ افسروں کو ہدایت دی۔لوگوں نے مئیر کی جانب سے وارڈ کا دورہ کرنے اور انکی شکایات کو سننے پر انکا شکریہ ادا کیا۔دریں اثنا ، مئیر نے ٹاﺅن ہال میں سینٹری سپروائزروں کے ساتھ ایک اجلاس کا اہتمام بھی کیا ،جس میں کمشنر جے ایم سی وکاس شرما ، ہیلتھ افسر ڈاکٹر سلیم خان نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں مئیر نے متعلقہ افسروں کو اپنے اپنے وارڈون میں صحت و صفائی کی طرف پورا دھیان دینے کی ہدیات دی ۔سینٹری سپروائز روں نے اس موقعہ پر اپنے مسائل مئیر کے سامنے رکھے۔مئیر نے انہیں جائز مطالبات فوری طور سے حل کرنے کی یقین دہانی کی۔