کشتواڑ// کرونا وائرس کی وباکے سبب مسلسل دوسال تک بندرہنے کے بعد آج سکولوں کو کھولاجائے گا جسکے لئے پورے صوبہ جموںکے سرمائی زون میں تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی ہے۔کشتواڑ ضلع میںسکول انتظامیہ کو سخت ہدایت دی گئی ہے۔ چیف ایجوکیشن آفیسر کشتواڑ پرلہادبھگت نے متعلقہ افسران کے ہمراہ کئی تعلیمی اداروں کا معائنہ کیا اور محکمہ تعلیم کی طرف سے کووڈ19 لاک ڈاؤن اور موسم سرما کے بعد آف لائن کلاسز کے لئے گئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ماڈل ہائر سیکنڈری سکول (بوائز)، گورنمنٹ گرلز مڈل سکول بھوپ نگر اور مڈل سکول باغوان محلہ کشتواڑ میں آف لاین کلاسوں کے انعقاد کے لئے ان سکولوں میں صفائی، پانی اور بجلی کی فراہمی کے انتظامات کا جائزہ لیاگیا۔سی ای او کشتواڑ نے تعلیمی اداروں کے سربراہوں کو سکولوں کے دوبارہ کھلنے سے پہلے انتظامات کو ٹھیک کرنے کی تلقین کی۔ حکومت کی طرف سے جاری کردہ رہنما خطوط کو مدنظر رکھتے ہوئے سی ای او کشتواڑ نے تمام تعلیمی اداروں کے سربراہوں سے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ صرف 15-17 سال اور اس سے زیادہ عمر کے بچوں کے علاوہ ٹیکے لگانے والے عملے کے ارکان کو سکول میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے۔انہوں نے اساتذہ سے کہا کہ وہ انتہائی لگن اور وقت کی پابندی کے ساتھ کام کریں اور اپنے فرائض کی ادائیگی میں کسی قسم کی کوتاہی کا مظاہرہ نہ کریں۔کورونا وبائی امراض کی وجہ سے سکول بند ہونے کے ان دو برسوںکے دوران طلباء کو پہلے ہی اپنی پڑھائی میں زبردست نقصان اٹھانا پڑا ہے ۔ انہوں نے اساتذہ اور طلباء سے مزید کہا کہ وہ حکومت کی طرف سے جاری کردہ رہنما خطوط پرعمل پیرا ہو۔
جموں صوبہ کے سرمائی زون میں آج سکول کھلیں گے | کشتواڑ میں انتظامات کا جائزہ لیاگیا،کوو ڈ ایس او پیز پر عمل کی تلقین
