جموں//سابق وزیراوربی جے پی کے ممبراسمبلی چوہدری لال سنگھ نے گذشتہ روز جموں صوبہ کے ساتھ ہونے والی مبینہ ناانصافی کے ازالہ کےلئے جموں وکشمیرکے روٹیشنل وزیراعلیٰ اوردونائب وزراعلیٰ کامطالبہ کیاہے۔لال سنگھ نے کہاکہ کشمیرنوازسیاست دان جموں صوبہ کے ساتھ دہائیوں سے ناانصافی کرتے آرہے ہیں اوراب وقت آچکاہے کہ ناانصافیوں کاخاتمہ کرنے کےلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔انہوں نے کہاکہ پچھلی سات دہائیوں کے دوران کشمیرصوبہ نے جموں میں حکومت کی ہے اس لیے اب ضرورت ہے کہ روٹیشنل (باری باری) بنیادوںپروزیراعلیٰ منتخب کیاجائے ۔انہوں نے کہاکہ چھ مہینے جموں سے وزیراعلیٰ رہے اورچھ مہینے کشمیرسے وزیراعلیٰ رہے ۔انہوں نے کہاکہ اس سے کوئی پرابلم نہیں ہونی چاہیئے کیونکہ ہم نے ستربرسوں تک کشمیری وزیراعلیٰ کوتسلیم کیاہے۔انہوں نے کہاکہ اگرہم کشمیری وزیراعلیٰ کوتسلیم کرسکتے ہیں توکشمیروالوں کوبھی جموں کے وزیراعلی کوتسلیم کرناچاہیئے ۔انہوں نے کہاکہ اب پرانی مشق کوتبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔اس کے علاوہ لال سنگھ نے جموں وکشمیرکے ایک نائب وزیراعلیٰ کے بجائے دووزراءاعلیٰ ہونے چاہیئے ایک جموں سے اورایک کشمیرخطے سے۔ان خیالات کااظہار چوہدری لال سنگھ نے یوم آزادی بھارت کی تقریبات کے سلسلے میں ڈوگرہ سوابھیمان سنگھٹن کی جانب سے منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس سنگھٹن کوڈوگرہ برادری کی عظمت رفتہ کی بحالی کےلئے قائم کیاگیاہے۔انہوں نے جموں کے ساتھ امتیازکے سلسلے میں جموں کےلئے علیحدہ پبلک سروس کمیشن اورسروس سلیکشن بورڈ قائم کرنے کی بھی مانگ کی۔انہوں نے کٹھوعہ اجتماعی عصمت ریزی وقتل معاملے کو جموں کے لوگوں کے ساتھ سازش قراردیا۔انہوں نے محبوبہ مفتی کاذکرکیے بغیراشارہ کیاکہ جوبھی اس وقت وزیرداخلہ تھاوہ سیدھے طورکٹھوعہ واقعہ کےلئے ذمہ دار ہے ۔انہوں نے کہاکہ کچھ میڈیاہاﺅسزنے پورے جموں کوزانیوں کاحمایتی بتایاجوڈوگروں کے ساتھ ناانصافی ہے۔انہوں نے جموں خطہ کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ یوم آزادی کے موقعہ پرگھروں میں ترنگے لگائیں انہوں نے کہاکہ پوراجموں صوبہ نیشنلسٹ ہے لیکن سابقہ حکومتوں نے سیاسی مقاصد کےلئے جموں کی شبیہ خراب کی۔انہوں نے کہاکہ کشمیرسے زیادہ ٹورسٹ جموں آتے ہیں لیکن انٹرنیشنل ایئرپورٹ کشمیرمیں قائم کیاگیاہے ۔23 ستمبرکومہاراجہ ہری سنگھ کے نام پر چھٹی سے متعلق کہاکہ جموں کے لوگ مہاراجہ کے یوم پیدائش یعنی 23ستمبر اور یوم الحاق یعنی 26 اکتوبرکوسرکاری چھٹی کےلئے جدوجہدکریں گے ۔علاوہ ازیں چوہدری لال سنگھ نے ستواری میںیوم آزادی سے متعلق منعقدہ تقریب میں بھی حصہ لیا۔
جموں صوبہ کے ساتھ مبینہ امتیاز کے خاتمہ کےلئے لال سنگھ کی تجویز
