جموں شہر کو صاف ستھرا بنانے کیلئے آپسی اشتراک کی ضرورت :مئیر

جموں //جموں مئیر چندر موہن گپتا نے کہا ہے کہ جموں شہر کو صاف ستھرا بنانے کیلئے آپسی اشتراک اشد ضروری ہے جبکہ ہر ایک فرد کو چاہیے کہ وہ شہر کو ملک کے بہترین 10صاف ستھرے شہروں کی فہرست میں شامل کر نے کیلئے اپنا رول ادا کرئے ۔وارڈ نمبر 64میں عوامی مسائل کا جائزہ لینے کے دوران اپنے خطاب میں موصوف نے کہاکہ شہر کو آوارہ کتوں ،لفافوں ،گدا گروں اور گندگی سے پاک کرنے کیلئے ہر ایک فرد کر مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہاکہ بھاجپا کی مرکزی حکومت وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کئی ایک اسکیموں کو شروع کیا ہے جن سے وہ فائدہ اٹھا سکتے ہیں ۔انہوں نے سوچھ بھارت ابھیان کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ مرکزی حکومت نے ملک کو صاف ستھرا بنانے کیلئے ایک اسکیم شروع کی ہے جبکہ اب ہم سب پر زمہ داری عائد ہو تی ہے کہ مذکورہ اسکیم کو کامیاب بنایا جائے ۔جموں مئیر نے کہاکہ عوام کو چاہیے کہ وہ رضا کارانہ طورپر اپنے گھروں کے ساتھ ساتھ گلیوں میں صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں ۔انہوں نے دکانداروں ،ٹیچروں ،طلباء ،معززین اور مذہبی تنظیم کے اراکین سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ شہر میں صفائی ستھرائے کیلئے اپنا رول ادا کریں ۔اس موقعہ پر مقامی کونسلر کے علا وہ وارڈ صدر اجے شرما ،دیپ شرما سابقہ کونسلر سبھاش بھگت ودیگران بھی موجود تھے ۔