جموں شہر میں بجلی بحران کے خلاف عوام سراپا احتجاج

نیوز ڈیسک
جموں//جموں شہر میں کئی مقامات پر بدھ کے روز مرد و زن سڑکوں پر نکل آئے اور انتظامیہ کے خلاف سخت احتجاج کیا۔پرانے شہر میںمظاہرین نے الزام لگایا کہ پچھلے 20 دنوں سے جموں وکشمیر میں بجلی بحران نے سنگین رخ اختیار کیا ہوا ہے اور انتظامیہ اس حوالے سے کچھ بھی نہیں کر پارہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ کھبی ہمیں ترسیلی لائن میں فالٹ آنے کے بارے میں بتایا جاتا ہے اور کھبی ٹاور گر آنے کے جھوٹے بیانات جاری کئے جارہے ہیں۔اْن کے مطابق بجلی کی عدم دستیابی کے باعث اب پینے کے پانی کی بھی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے کیونکہ واٹر سپلائی اسکیمیں مکمل طورپر ٹھپ ہیں۔انہوں نے بتایا کہ حکام کی جانب جھوٹے بیانات جاری کئے جا رہے ہیں حقیقت یہی ہے کہ جموں وکشمیر میں بجلی کے بحران نے اب سنگین رخ اختیار کیا ہے۔امپھالہ میں بھی بجلی کی عدم دستیابی کے خلاف سنیل ڈمپل کی سربراہی میں احتجاجی ریلی نکالی گئی جونیو پلاٹ سے ہوتے ہوئے جانی پور ہائی کورٹ روڈ پر ختم ہوگئی جس دوران مظاہرین نے بجلی کی عدم دستیابی کے خلاف اپنے غم وغصے کااظہار کیا۔