جموں سرینگر قومی شاہراہ مرمت کے پیش نظر بند رہی

رام بن// جموںسرینگر قومی شاہراہ ہفتہ وارمرمت کے پیش نظر ٹریفک کیلئے بند رہی جبکہ آج یعنی جمعرات کو چھوٹی گاڑیوں کودونوں اطراف سے جموں اور سری نگر کی طرف جانے کی اجازت ہوگی جبکہ بھاری موٹر گاڑیوں اور گیس کے ٹینکروں کو جموں سرینگر قومی شاہراہ پر سہ پہر سری نگر کی طرف جانے دیا جائے گا۔ وادی کشمیر کو بقیہ ہندوستان سے ملانے والی شاہراہ واحد شاہراہ بدھ کی صبح سے ہی ٹریفک کے لئے بند رہی کیونکہ این ایچ آئی اے کے ساتھ کام کرنے والی ٹھیکیدار کمپنیوں نے ڈلواس، کرول، مہار رام بن، چمبہ، سیری، ماروگ، بیٹری چشمہ رامسو، چملواس اور کچھ دیگر علاقوں میں تباہ شدہ سڑک پر مرمت کا کام جاری رکھا۔ ضلع رام بن میں شاہراہ کے ناشری اور بانہال سیکٹر کے درمیان کسی بھی گاڑی کو جموں کی طرف جانے کی اجازت نہیں تھی ۔ ٹریفک پولیس افسر نے بتایا کہ تاہم مریضوں کو لے جانے والی ایمبولینسوں کو ان کی منزلوں کی طرف جانے کی اجازت دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ جمعرات کی صبح شاہراہ پر ٹریفک کو بحال کیا جائے گا۔