جموں سرینگر شاہراہ پر پنتھیال کے مقام پے حادثہ

بانہال// جموں سرینگر شاہراہ پر پنتھیال کے نزدیک ایک تویرا گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس میں پٹن کا ڈرائیور لقمہ اجل بن گیا۔ یہ واقعہ جمعہ کی صبح قریب گیارہ بجے رامسو کے پنتھیال علاقے میںپیش آیا۔تویرا گاڑی اُس وقت خالی تھی اور اس میں صرف ڈرائیورسوار تھا۔ مہلوک ڈرائیور کی شناخت ظہور احمد ولد فتح الہی ساکن پٹن بارہمولہ کے طور کی گئی ہے۔ تویرا گاڑی جموں سے سرینگر کی طرف آنے کے دوران پنتھیال کے مقام پر شاہراہ سے لڑھک کر کم از کم پانچ سو فٹ نیچے نالہ بشلڑی  میں گر گئی۔ پولیس نے بتایا کہ گاڑی میں سوار مسافروں کو ڈرائیور نے پہلے ہی اتارا تھا اور گاڑی کو آگے پیچھے کرنے کی کوشش کے دوران یہ سڑک سے گر کر نیچے نالے میں جا گری۔اس دوران گاڑی کے پرخچے اڑ گئے۔ حادثے کی خبر ملتے ہی رامسو پولیس اور ہمالین کیو آر ٹی رامسو کے رضاکاروں نے بچاؤ کاروائی کی اور سخت مشقت کے بعد گاڑی میں سوار واحد زخمی ڈرائیور کو کھائی سے نکال کر رامسو ہسپتال پہنچایا جہاں سے ابتدائی طبی امداد کے بعد زخمی ڈرائیور کو سب ضلع ہسپتال بانہال منتقل کیا گیا جہاں سر میں لگے گہرے اور اندرونی زخموں کی وجہ سے ڈرائیور ظہور احمد نے دم توڑدیا۔ پولیس نے لاش کو ضروری لوازمات کے بعد ورثاء کے حوالے کیا۔