بانہال // جموں ۔سرینگر شاہراہ پر ہفتے کو تین روز بعد جموں سے وادی کشمیر کی طرف ٹریفک کو بحال کیا گیا۔ سنیچر کی شام تک سینکڑوں کی تعداد میں مال اور مسافر گاڑیوں نے جواہر ٹنل پارکی۔ ہفتے کی صبح جموں سے بیشتر ٹریفک ادہمپور کے مقام پرکئی گھنٹوں تک ٹریفک جام میں پھنسا رہاجس کے خلاف ٹرک ڈرائیوروں نے احتجاج کیا ۔ نگروٹہ ادہمپور کے درمیانی علاقے کے علاؤہ رامبن سیکٹر میں بھی سڑک کے کئی مقامات پر ٹریفک جام رہاجو کئی گھنٹوں ٹریفک کی سست رفتاری کی وجہ بنا۔ جموں سے وادی کشمیر کی طرف سفر کرنے والے ایک مسافر سید محمد ارشد نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ وہ اور سینکڑوں دیگر مسافر گاڑیاں سینیچر کی صبح ساڑھے چار بجے جموں سے کشمیر کی طرف روانہ ہوئیں لیکن ادہمپور میں شدید ٹریفک جام کی وجہ سے وہ تین بجے بعد ہی بانہال پہنچ پائے۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران رامبن کے علاقے میں بھی ٹریفک جام تھا اور مسافر گاڑیاں کئی گھنٹوں کی تاخیر کے ساتھ اپنی منزلوں کی طرف بڑھ رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ رامبن بانہال کے در میان سڑک کی حالت بہت خراب ہے اور اس پر چھوٹی گاڑیوں کیلئے سفربہت دشوار ہوگیا ہے کیونکہ کسی بھی جگہ پتھر گرنے کا خطرہ کئی مقامات پر لگا رہتا ہے۔ ٹریفک حکام نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ سنیچر کی شام تک سینکڑوں مال اور مسافر گاڑیوں نے جواہر ٹنل پار کیا تھا اور مزید ٹریفک ناشری ٹنل اور بانہال کے درمیان آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی مقامات پر سڑک کی حالت خراب ہے اور بار بار پتھر گرنے اور تنگ سڑک کی وجہ سے ٹریفک کی آمدورفت سست رفتاری کا شکارہے ۔ انہوں نے کہا کہ رامبن اور بانہال سیکٹر میں مجموعی طور ٹریفک معمول کے مطابق رہا اور مقامی مسافر گاڑیوں نے کئی ہفتے بعد بانہال اور رامبن کے درمیان اپنے مقرر اوقات میں واپسی کا بھی سفر کیا۔
جموں سرینگر شاہراہ پر تین روز بعد جموں سے سرینگر کی طرف ٹریفک چلا
