یواین آئی
جموں //ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن جموں نے صوبہ کے سرمائی زون میں مرحلہ وار سرمائی تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے جو 11 دسمبر سے شروع ہوکر 29 فروری کو اختتام پذیر ہوں گی۔ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے جاری ایک نوٹس میں کہا گیا کہ صوبہ کے سرمائی زون کے تمام سرکاری و غیر سرکاری اسکولوں میں آٹھویں جماعت تک 11 دسمبر سے 29فروری تک سرمائی تعطیلات ہوں گی جبکہ نویں جماعت سے 12 ویں جماعت تک یہ تعطیلات 18 دسمبر سے شروع ہو کر 29 فروری کو اختتام پذیر ہوں گی۔حکمنامے میں تمام چیف ایجوکیشن افسروں کو ہدایت دی گئی ہیں کہ وہ اس دوران 10 ویں اور 12 ویں جماعت کے لئے آن لائن کلاسز کو یقینی بنائیں۔حکمنامے میں مزید کہا گیا کہ عملے کو اپنے اپنے اسکولوں میں 21 فروری کو ہی حاضر ہونا ہوگا تاکہ وہ امتحانات کے لئے بندو بست کر سکیں۔