جموں بس اڈہ میں گرنیڈ حملہ, ایس ایچ او سمیت 4اہلکار زخمی

سری نگر//ریاست کی سر مائی دارلحکومت جموں کے بس اڈے میں نا معلوم افراد نے پولیس گاڑی کو نشانہ بنانے کی غرض سے ایک ہتھ گولہ پھینکا جو زور دار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا جس کے نتیجے میں پولیس گاڑی میں سوار ایس ایچ او ر2 اہلکاروں اور 1عام شہری سمیت4افراد زخمی ہو ئے ۔اس دوران دھماکے کی اطلاع ملتے ہی فورسز کی بھاری نفری پہنچ گئی اور انہوں نے جموں شہر کو جانے اور آنے والے تمام راستوں کی ناکہ بندی کر کے حملہ آوروں کی تلاش بڑے پیمانے پر شروع کر دی ۔ جمعرات کو تقریباً رات کے 11بچے نا معلوم افراد نے جموں بس اڈے کے عقب میں کھڑی ایک پولیس گاڑی جس میں پولیس اسٹیشن جموں بس اسٹیند کے ایس ایچ او بھی سوار تھے کو نشانہ بنانے کی غرض سے ہتھ گولہ پھینکا جو زور دار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا جس کے نتیجے میں3پولیس اہلکاروں سمیت 4افراد زخمی ہو ئے۔ زخمی اہلکاروں کی شناخت ایس ایچ او جموں بس اڈہ راجیش جسروٹیہ ،ڈرائیور ارجن کمار ،اسرار شاہ کے بطور ہو ئی ہے جبکہ زخمی شہری کی شناخت جگ دیو راج کے بطور ظاہر کی گئی ہے۔ اس دوران تمام زخمیوں کو علاج و معالجہ کے لئے شری مہاراجہ گلاب سنگھ اسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر ان کا علاج و معالجہ جاری ہے ۔