’جموں اور کشمیر کو علیحدہ علیحدہ ریاست بنایاجائے‘

جموں//جموں وکشمیر نیشنل پنتھرز پارٹی کی طرف سے اپنا 36واں یوم تاسیس 23مارچ کو جموں میں منایاجارہاہے ۔اس سلسلے میں تین مارچ کو پارٹی کے کارکنان کا ایک اجلاس منعقد کیاگیا جس کی صدارت ہرش دیو سنگھ نے کی جبکہ اس موقعہ پر پارٹی سربراہ پروفیسر بھیم سنگھ بھی موجود تھے ۔اس دوران یوم تاسیس کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا ۔دریں اثناءپروفیسر بھیم سنگھ نے ایک پریس کانفرنس میں حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ اس نے نوجوانوں کو پشت بہ دیوا رکردیاہے اور سراپا احتجاج کنٹریکچول اور دیگر ملازمین کے مطالبات پورے نہیں کئے جارہے ۔انہوںنے کہاکہ یہاں ملازمین کے ساتھ وہی سلوک کیاجارہاہے جو برطانوی حکومت اس وقت ہندوستان کے لوگوں سے کرتی تھی ۔انہوںنے مانگ کی کہ محبوبہ مفتی کی قیادت والی حکومت کو فوری طور پر برخواست کرکے پولیس کے خلاف کارروائی کی جائے جو احتجاجیوں پر لاٹھی چارج کرتی ہے ۔ انہوںنے بتایاکہ پارٹی کے چھتیسویں یوم تاسیس پر جموں میں تقریب منعقد ہوگی جس دوران جموں ،کشمیر اور لداخ کے حوالے سے دستاویز پیش کیاجائے گا۔انہوںنے کہاکہ جموں کو علیحدہ ریاست جبکہ کشمیر کو علیحدہ ریاست بنایاجائے اور لداخ کو اس کا حق دیاجائے ۔ انہوںنے کہاکہ دو ریاستی فارمولہ سے دونوں خطوں کے لوگوں کو ان کا حق ملے گا۔اس موقعہ پا رٹی کے دیگر لیڈران بھی موجو دتھے ۔