جموں//ضلع انتظامیہ، جموں نے پیر کے روز ایک بے دخلی اور مسماری مہم چلائی جہاں تحصیل جموں کے گاؤں بن بجالٹا میں ایک پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹی، جے اینڈ کے ہاؤسنگ کوآپریٹو سے 84 کنال اراضی واگزار کرائی گئی۔ پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹی اس سے قبل بھی سرکاری اراضی پر غیر قانونی قبضے میں ملوث رہی ہے اور اس کی بازیافت بھی حال ہی میں ہوئی تھی۔واضح رہے کہ اینٹی کرپشن بیورو نے پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹی کی جانب سے غیر قانونی لین دین کا معاملہ بھی ضلع انتظامیہ کے سامنے اٹھایا تھا۔ شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے اور معاملہ کا جائزہ لیتے ہوئے ضلع کلکٹر کی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی اور مختلف اراضی قوانین کی خلاف ورزی اور کچہری اراضی پر قبضہ پایا گیا۔ مزید یہ کہ مذکورہ کالونی کے قیام کے لیے مذکورہ سوسائٹی کی جانب سے کوئی اجازت نہیں لی گئی تھی۔انتظامیہ شہریوں پر زور دیتی ہے کہ وہ اپنی سرگرمیوں میں قانونی فریم ورک کے دائرے میں رہ کر کام کریں۔