جموں اعلامیہ’ ڈکسن پلان ‘کے حامیوں کو شکست دے گا: رانا

کالا کو ٹ //صوبائی صدر نیشنل کانفرنس دیویندر سنگھ رانا نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کی مذہبی علاقائی وحدت اور انفرادی وجود کو برقرار رکھتے ہوئے بدنام زمانہ’ ڈکسن پلان‘ کے حامیوں کو شکست دینا اشد ضروری ہے ۔کالاکوٹ میں پارٹی سنیئر لیڈر مرحوم ٹھا کر رچھپال سنگھ کی پہلی برسی کے موقعہ پر مرحوم کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے این سی صوبائی صدر نے کہاکہ جموں اعلامیہ ، ڈکسن پلان کے ان ووٹروں کو شکست دینے کیلئے ایک روڈ میپ لے کر آئے گا جو جموں کو مذہب کی بنیاد پر تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔ سنیئر لیڈرنے کہا کہ یہ دراصل رچپال سنگھ جیسے رہنماؤں نے جموں و کشمیر کو علاقائی ، ذیلی علاقائی اور مذہبی بنیادوں پر تقسیم کرنے کی سازشوں کے خلاف ساری زندگی کام کیا۔رانا نے کہا کہ مرحوم لیڈر کو بہترین خراج تحسین یہ ہے کہ ایک متحد جموں و کشمیر کو برقرار رکھیں اور تمام علاقوں اور ذیلی علاقوں کی مساوی ترقی کیلئے کام کریں تاکہ کسی بھی علاقے کو دوسرے پر بالادستی نہ ہونے دیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کو ایک وجود کے طور پر ترقی اور خوشحالی سے ہی تمام علاقوں اور ذیلی علاقوں کے علاوہ مختلف عقائد کے لوگ ترقی کے یکساں مواقع سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں ۔موصوف نے کہاکہ ’ڈکسن پلان‘ جیسے غلط تصورات تنوع میں اتحاد کے جذبے کے خلاف ہیں۔این سی سنیئر لیڈر نے پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور عمر عبداللہ کی طرف سے ٹھا کر رچھپال سنگھ کے اہل خانہ تک خراج عقیدت کے پیغامات پہنچائے ۔ مرحوم لیڈر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سابق وزیر اور سینئر لیڈراجے کمار سدھوترا نے اپنے پیغامات میں ٹھاکر رچپال سنگھ کی طرف سے پارٹی کو نچلی سطح پر مضبوط بنانے اور مختلف صلاحیتوں میں لوگوں کی بہتری کیلئے کام کرنے میں اہم کردار کو یاد کیا۔