عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//راجوری ضلع کے مختلف ڈگری کالجوں کے طلباء نے جموں یونیورسٹی کی طرف سے جاری کردہ تازہ نوٹیفکیشن کو فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے یونیورسٹی انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرےکئے۔گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج راجوری کے طلباء نے کالج کے باہر احتجاج کرتے ہوئے مین روڈ بلاک کر دیا جبکہ گورنمنٹ ڈگری کالج کوٹرنکہ کے طلباء نے بھی سڑک بلاک کر کے احتجاج کیا۔اسی طرح گورنمنٹ ڈگری کالج تھنہ منڈی کے طلباء نے بھی کالج کے احاطے میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور یونیورسٹی انتظامیہ کے خلاف نعرے لگائے۔طلباء نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ جموں یونیورسٹی نے ایک حالیہ نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس میں کسی بھی مضمون میں بیک لاگ والے طالب علم کے مزید داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔طلاب نے کہا’’یہ نیا نوٹیفکیشن طلباء کے مستقبل کے خلاف ہے اور ان پر بری طرح اثر ڈالے گا‘‘۔ طلباء نے مزید کہا کہ اس حکم کے بعد طلباء پریشانی کی حالت میں ہیں۔مظاہرین نے کہا’’ہم بچوں کے مستقبل کو بچانے کے لیے اس نوٹیفکیشن کو فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہیں‘‘۔