’جموںو کشمیر میں امن نہیں بلکہ سکوت قائم ‘ کانگریس اقتدار میں آئی تو حقیقی امن بحال کریں گے :کنہیاکمار

oplus_0

زاہد بشیر

گول//جموںو کشمیر میں امن نہیں بلکہ سکوت ہے اور مودی حکومت نے یہاں کے عوام کے حقوق چھین لئے ہیں اور اب الیکشن کا مدعا بنا کر انہیں واپسی کا بھی وعدہ کیا جا رہا ہے تاہم اگر کانگریس اقتدار میں آئی تو حقیقی امن بحال کیاجائے گا ۔ ان باتوں کا اظہار کانگریس کے لیڈر کنہیا کمار نے بانہال اسمبلی حلقہ سے کانگریس اُمیدوار وقار رسول وانی کی حمایت میں گول میں ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت راگ الاپ رہی ہے کہ جموںو کشمیر میں امن ہے لیکن یہاں امن نہیں بلکہ خاموشی دکھائی دے رہی ہے ،امن اور خاموشی الگ الگ چیزیں ہیں ،خاموشی سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہاں لوگوں کو دبایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر امن ہوتا تو یہاں عوام اور نمائندے کے بیچ میں اس طرح کی کانٹے دار تاروں کی ضرورت نہیں پڑتی ، اتنی تعداد میں حفاظتی انتظامات کی ضرورت نہیں پڑتی ۔ کنہیا کمار نے کہا کہ ملک کی عوام بیروزگاری اور مہنگائی کے مارے ہوئے ہیں جب کانگریس کی حکومت تھی جب رسوئی گیس 450روپے کا تھا لیکن اب 1200روپے کا گیس ہے ،اس طرح سے دیگر غذائی اجناس کی قیمتیں آسمان چھو رہی ہیں ۔یہاں تمام چیزیں مہنگی ہوئی ہیں اور صرف انسان کی جان سستی ہے ۔انہوں نے کہاکہ اگر ایک ہونے کا دعویٰ کیا جاتا ہے تو تب ایک جیسے حقوق کیوں نہیں مل رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہاں اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان بیروزگار ہیں دس برسوں سے ایک نوکری نہیں ملی یہاں کے نوجوانوں کو ،یہاں سڑکوں کی حالت دیکھئے کس طرح سے خستہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کے دعوے سراب ثابت ہوئے ہیں ۔ 15لاکھ روپے آپ کے کھاتے میں آئے کیا ، اچھے دن آئے کیا ،بیروزگاری گئی کیا نہیں کیوں کہ انہوں نے صرف جھوٹ بولا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اپنے حقوق کے لئے یہاں کی عوام کو آگے آنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس جموںو کشمیر کے ہر طبقے اور ہر جگہ کے رہنے والے لوگوں کی آواز بن کر سامنے آتی ہے ۔ انہوں نے وقار رسول وانی کے حق میں اپنا اعتماد دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنا نمائندہ بنائو تو آپ کے مسائل حل ہوں گے ۔انہوںنے کہا کہ اقتدار میں آنے کی صورت میں کانگریس جموںوکشمیر میں حقیقی امن بحال کرے گی۔