جموں//عوامی رابطہ مہم کے تحت جموں میں پرنسپل سیکرٹریوں اور کمشنرسیکرٹریو ںنے جموں سیکرٹریٹ میں لوگوں کے مسائل سنے۔پرنسپل سیکرٹری بھیڑ و پشو پالن ڈاکٹر اصغر حسن سامون ، کمشنر سیکرٹری سکولی تعلیم ہردیش کمار ،سیکرٹری ڈیزاسٹر منیجمنٹ سمرن دیپ او رسیکرٹری امداد باہمی عبدالمجید بٹ نے الگ الگ عوامی درباروں میں اُن سے ملنے آئے وفود اور اَفراد ان کے مطالبات سنے۔کشمیری مائیگرنٹوں کے ایک وفد نے انہیں فراہم کی جانے والی ریلیف کی رقم میں اضافہ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اپنے کئی دیگر مسائل انتظامی سیکرٹری کے سامنے رکھے۔قبائلی طبقے سے تعلق رکھنے والے کئی وفود نے مختلف علاقوں میں جاری ترقیاتی کاموں میں سرعت لانے اور اپنے اپنے علاقوں میں رابطہ سہولیات میں بہتری لانے کی مانگ کی۔پونچھ سے آئے ایک وفد نے چانڈک منڈی سے محلہ بٹالاتک سڑک کی تعمیر اور دیگر اندرونی سڑکوں کی تعمیر و تجدید کی مانگ کی۔بھلا ڈوڈہ کے بی ڈی سی چیئرپرسن کی سربراہی میں آئے ایک وفد نے مختلف قبائلی سکیموں کے تحت مستحقین کو مالی امداد فراہم کرنے کی مانگ کی۔فائنانشل کمشنر خزانہ ارون کمار مہتا، پرنسپل سیکرٹری سکولی تعلیم نوین کمار چودھری، کمشنر سیکرٹری جنگلات و ماحولیات سریتا چوہان ، سیکرٹری خوراک و امور صارفین پانڈرانگ کنڈ بارو پولے اور سیکرٹری امور نوجوان و کھیل کود نے بھی آج سابق ممبران اسمبلی ، سابق ارکان قانون سازیہ، بی ڈی سی چیئرپرسنز اور دیگر کئی عوامی وفود کے ساتھ ملاقات کے دوران اُن کے مسائل سنے۔