جموںبس سٹینڈ میں 33 کروڑ مالیت کی 33کلو ہیروئن برآمد | منشیات کی کھیپ سرحدی علاقوں سے اٹھائے جانے کا شبہ :آنند جین

Oplus_131072

سمت بھارگو

جموں//منشیات کے خلاف اپنی جنگ میں ایک بڑی کامیابی حاصل کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے، جموں و کشمیر پولیس نے جمعہ کو ایک منشیات فروش کو گرفتار کرنے کی اطلاع دی ہے جس کے قبضے سے ہیروئن جیسی مادہ کی ایک بڑی کھیپ برآمد ہوئی ہے۔جموں زون کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس آنند جین نے اسے پولیس کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دیا۔انہوں نے اس کامیابی پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب بھی کیا اور اس بڑی کھیپ کی بازیابی میں کامیاب ہونے والی پولیس ٹیم کی پیٹھ تھپتھپائی۔پولیس نے بتایا کہ جمعہ کے روز پولیس سٹیشن بس سٹینڈ، جموں کو ایک مصدقہ اطلاع ملی کہ ہرمیت سنگھ (نام بدلا ہوا) نام کا ایک شخص ساکن پنجاب ساکنہ اکھنور علاقے سے ہیروئن جیسی بھاری کھیپ کے ساتھ بس سٹینڈ کی طرف آرہا تھا۔اس کے مطابق، پولیس نے کہاکہ بس سٹینڈ سٹیشن کی ٹیم نے ایک خصوصی ناکا لگایا اور مذکورہ مشتبہ شخص کو ہیروئن جیسے 26 پیکٹوں والے بیگ کے ساتھ بڑی تدبیر کے ساتھ گرفتار کیا گیا۔اس منشیات کا وزن تقریباً 33 کلو گرام تھا اور یہ ہیروئن جیسی مادہ ہے۔پولیس نے مزید بتایا کہ ایف آئی آر نمبر 41/2024 زیردفعات8,21,22 این ڈی پی ایس ایکٹ پولیس سٹیشن بس سٹینڈ میں درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔پولیس نے مزید کہاکہ ابتدائی طور پر معلوم ہوتا ہے کہ ملزمان نے کھیپ سرحدی علاقوں سے حاصل کی اور اسے پنجاب لے جا رہے تھے۔ تاہم مکمل تصویر کا پتہ لگانے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔